سات روزہ جشن بہار پاکستان 2015ء کی تقریبات 21مارچ سے شروع ہوں گی،عمران سکندر بلوچ،

تمام محکموں کے افسران جذبہ حب الوطنی کے تحت کام کریں،ڈی سی او بہاولپور

ہفتہ 14 مارچ 2015 20:00

بہاولپور( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔14مارچ۔2015ء) ڈسٹرکٹ کوآرڈینیشن آفیسر بہاول پور عمران سکندر بلوچ نے کہا ہے کہ سات روزہ جشن بہار پاکستان 2015ء کی تقریبات بہاول پور میں 21مارچ سے شروع ہوں گی جس میں تمام محکموں کے افسران جذبہ حب الوطنی کے تحت کام کریں۔ وہ اپنے دفتر کے کمیٹی روم میں جشن کے انتظامات کا جائزہ لینے کے سلسلہ میں منعقدہ اجلاس سے خطاب کر رہے تھے۔

اس موقع پر ڈی او سی امجد بشیر، ضلع بھر کے اسسٹنٹ کمشنرز، ای ڈی او زراعت، چیئر مین سی ڈی سی فاروق خان اور تمام متعلقہ محکموں کے افسران موجود تھے۔ڈی سی او نے بتایا کہ 21سے23مارچ تک ڈرنگ اسٹیڈیم میں پھولوں کی نمائش ہو گی اور اس موقع پر ریسکیو 1122، پولیس ، سول ڈیفنس، محکمہ صحت، ووکیشنل ٹریننگ انسٹی ٹیوٹ، صنعت زار، سمال انڈسٹریز کے محکموں کے اسٹالز لگائے جائیں گے۔

(جاری ہے)

انہوں نے بتایا کہ سنٹرل لائبریری میں چلڈرن اور کرافٹ بازار میں ویمن گالا ہو گا۔انہوں نے کہا کہ سنٹرل لائبریری میں بچوں کی پینٹنگ، ٹیبلوز، پپٹ شو ہو گا۔ اسی طرح کرافٹ بازار میں خواتین کے لئے چولستان ڈویلپمنٹ کونسل ضلعی انتظامیہ کے اشتراک سے پروگرام ترتیب دے گی۔ ڈی سی او نے کہا کہ جشن بہار پاکستان 2015ء کے حوالہ سے 23اور 24مارچ کو چڑیا گھر میں تقریب منعقد کی جائے گی جس میں بچوں کی انٹری فری ہو گی۔

ڈی سی او نے کہا کہ ضلع کی تمام تحصیلوں میں جشن بہار پاکستان 2015ء کے سلسلہ میں 21سے 27مارچ تک کھیلوں کے مقابلے منعقد ہوں گے۔انہوں نے کہا کہ تمام دفاتر کے لان خوبصورت ،پھولدار پودوں سے آراستہ کئے جائیں۔ نیز پولیس لائنز اور پولیس دفاتر میں بھی پھولدار پودے لگائے جائیں۔ انہوں نے ٹی ایم او کو ہدایت کی کہ سرکاری دفاتر اور فرید گیٹ سے چوک فوارہ تک چراغاں کیا جائے۔

متعلقہ عنوان :