انسداد دہشت گردی عدالت نے ایم کیو ایم کے کارکن عمیر حسن صدیقی عرف جیلر کو 90 دن کی نظر بندی پر رینجرز کے حوالے کردیا

ہفتہ 14 مارچ 2015 19:38

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔14مارچ۔2015ء) انسداد دہشت گردی کی عدالت نے عزیزآباد نائن زیرو سے گرفتار ملزم ایم کیو ایم کے کارکن عمیر حسن صدیقی عرف جیلر کو 90 دن کی نظر بندی پر رینجرز کے حوالے کردیا۔ رینجرز نے ایم کیو ایم سے تعلق رکھنے والے ملزم عمیر حسن صدیقی عرف جیلر کو انسداد دہشت گردی کی عدالت نمبرii میں پیش کیا جہاں رینجرز حکام نے عدالت سے استدعا کی کہ مذکورہ ملزمان کو عزیز آباد نائن زیرو اور اس کے اطراف سے حراست میں لیا گیا ہے اور ملزمان کے خلاف ٹارگٹ کلنگ اور بھتہ خواری سمیت جرائم کی سنگین وارداتوں میں ملوث ہونے کے شواہدملے ہیں اور ملزمان سے تفتیش کرنا مطلوب ہے جبکہ انسداد دہشت گردی ایکٹ کی دفعہ 11EEEEکے تحت قانون نافذ کرنے والے اداروں کو اختیار حاصل ہے کہ وہ کسی بھی جرائم میں ملوث مشتبہ شخص کو تحویل میں لینے کے بعد اس سے تفتیش کرے۔

(جاری ہے)

جسے عدالت نے منظور کرتے ہوئے 90روز کیلئے رینجرز کے حوالے کردیا۔ دوران سماعت ایم کیو ایم لیگل ایڈ کمیٹی کے اراکین نے کہا کہ عمیر صدیقی کو 15 فروری کو اس کے گھر سے اٹھایا گیا تھا اور اس حوالے سے لاپتہ افراد کے کیس میں عمیر صدیقی کا نام بھی سندھ ہائیکورٹ میں زیر سماعت ہے جبکہ ملزم نے بھی عدالت کو بتایا کہ 15 فروری کو اسے گھر سے اٹھایا گیا تھا جبکہ رینجرز کے لا آفیسر اور وکیل کا کہنا تھا کہ یہ کوئی جواز نہیں ہے کہ عمیر صدیقی کا نام بھی مسنگ پرسن میں شامل ہے لہٰذا ملزم کو ریمانڈ پر دیا جائے جسے عدالت نے منظور کرلیا۔