سی آئی اے سینٹر پر سول جج کا چھاپہ غیر قانونی حراست میں لئے گئے جھول کے رہائشی دو افراد بازیاب

ہفتہ 14 مارچ 2015 19:22

سنجھورو(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔14مارچ۔2015ء)سی آئی اے سینٹر پر سول جج کا چھاپہ غیر قانونی حراست میں لئے گئے جھول کے رہائشی دو افراد بازیاب ، پولیس نے عدالتی احکامات کی دھجیاں اڑاتے ہوئے بازیاب افراد کو درخواست گذار سمیت دوبارہ حراست میں لے لیا۔تفصیلات کے مطابق CIA پولیس میرپور خاص سنجھورو کے نواحی گاؤں جھول سے دو افراد محمد سرور جٹ اور ان کے بیٹے اویس جٹ کو اٹھاکر لے گئی ۔

غیر قانونی حراست میں لئے گئے محمد سرور جٹ کے بھائی اور اویس جٹ کے چچا محمد رضوان جٹ نے ایڈووکیٹ محمد رفیق شیخ کے توسط سے جوڈیشل مجسٹریٹ میرپور خاص کی عدالت میں 491 Cr.PCکے تحت درخواست دائر کی کہ ان کے مذکورہ بھائی اور بھتیجے کو CIA پولیس میرپور خاص غیر قانونی طور پر گرفتار کرکے لائی ہے اور ان کو حبس بے جا ء میں رکھا ہوا ہے۔

(جاری ہے)

محمد رضوان جٹ کی درخواست پر جوڈیشل مجسٹریٹ 1 منگارام نے چھاپہ مار کر حبس بے جا میں رکھے گئے دونوں باپ اور بیٹے کو بازیاب کرالیا اورانچارج C.I.A میرپور خاص کو 16 مارچ کو ریکارڈ سمیت ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج کی عدالت میں پیش ہونے کے احکامات جاری کئے۔

بازیاب ہونے والوں کو رضوان جٹ اپنے وکیل ایڈووکیٹ محمد رفیق شیخ کے ہمراہ گاڑی میں لیکر اپنے گھر واپس آرہے تھے کہ راستے میں C.I.A پولیس نے عدالتی احامات کو بالائے طاق رکھتے ہوئے گاڑی کو روک کر درخواست گذار رضوان جٹ اور بازیاب ہونے والے باپ بیٹے کو دوبارہ اپنی حراست میں لے لیا اور نا معلوم مقام پر منتقل کردیا۔