ترکی نے ہمیشہ برادراسلامی ملک کے طور پر پاکستان کے ہر مشکل وقت میں ساتھ دیا ہے،وزیر اعلی سندھ،

پاکستان ،سندھ کے عوام کے ترکی کے عوام کے ساتھ سیاسی، سماجی و معاشرتی تعلقات ہیں ،ترک وزیر خارجہ سے گفتگو

ہفتہ 14 مارچ 2015 19:11

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔14مارچ۔2015ء) وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ نے کہا ہے کہ ترکی سے ہمارے تاریخی،سیاسی و سماجی تعلقات ہیں اور ترکی نے ہمیشہ برادراسلامی ملک کے طور پر پاکستان کے ہر مشکل وقت میں ساتھ دیا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ہفتہ کو مقامی ہوٹل میں ترکی کے وزیر خارجہ امورMevlur Cavusogluکی طرف سے دیئے گئے ظہرانے کے موقع پر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

ترکی کے وزیر خارجہ امور ہفتہ کو کراچی پہنچے تھے اور انہوں نے وزیراعلیٰ سندھ کو ظہرانے کی دعوت دی۔ ملاقات میں دونوں رہنماؤں کے مابین دو طرفہ امور پر بات چیت ہوئی۔ اس موقع پر پاکستان باالخصوص سندھ اور ترکی کے ساتھ تعلیم،صحت، زراعت اور توانائی سمیت مختلف شعبوں میں دو طرفہ تعاون اورتجارت کو فروغ دینے کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا۔

(جاری ہے)

اس موقع پر وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ نے کہا کہ ترکی ہمارابہت ہی قریبی برادر اسلامی ملک ہے اور ترکی کی ترقی کی مثال دوسرے اسلامی ممالک کیلئے مشعل راہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ ترکی خلافت عثمانیہ سے لیکر آج تک اسلامی تہذیب،فن و ثقافت کا مرکز رہا ہے اور پاکستان اور سندھ کے عوام کے ترکی کے عوام کے ساتھ سیاسی، سماجی و معاشرتی تعلقات ہیں اور آج بھی بہت سے پاکستانی طلبہ ترکی کی یونیورسٹیوں میں زیر تعلیم ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ترکی پاکستان اور باالخصوص صوبہ سندھ کی جغرافیائی اہمیت سے فائدہ اٹھا سکتا ہے اور ہم ترکی کے سرمائیداروں کو سندھ کے بے پناہ قدرتی وسائل سے فائدہ اٹھانے سمیت صحت، تعلیم اور دیگر شعبہ جات میں سرمائیکاری کرنے کی بھی دعوت دیتے ہیں۔ اس موقعہ پر ترکی کے وزیر خارجہMevlur Cavusogluنے وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ ترکی ہمیشہ پاکستان اور سندھ کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے اور خطہ جنوبی ایشیا میں پاکستان کو ایک دیرینہ،قریبی اور اہم دوست تصور کرتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ دونوں ملکوں کے مابین تعلقات کے فروغ کیلئے نہ صرف سیاستدانوں بلکہ تاجروں اور عام عوام کو بھی اپنا کردار نبھانا ہوگا۔ تقریب میں اسپیکر سندھ اسمبلی آغا سراج درانی،وزیراعلیٰ سندھ کے پرنسپل سیکریٹری علم الدین بلو بھی شریک تھے۔ اس موقعہ پر وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ ترکی کے وزیر خارجہ کو سندھ کا ثقافتی تحفہ سندھی ٹوپی اور اجرک بھی پیش کیا۔

متعلقہ عنوان :