صوبائی حکومت معاشرے میں اساتذہ کی عزت واحترام کو بحال کرنے اور اعلیٰ مقام پر فائز کرنے کیلئے ہر ممکن اقدامات کر رہی ہے ، اسد قیصر

ہفتہ 14 مارچ 2015 17:23

صوابی ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔14مارچ۔2015ء) خیبر پختونخوا اسمبلی کے سپیکر اسد قیصر نے کہا ہے کہ صوبائی حکومت معاشرے میں اساتذہ کی عزت واحترام کو بحال کرے اسے اعلیٰ مقام پر فائز کرنے کیلئے ہر ممکن اقدامات کر رہی ہے تاریخ میں پہلی مرتبہ صوبائی بجٹ میں تعلیم کیلئے 28 فیصد فنڈز مختص کرنا اس امر کا اظہار ہے کہ تعلیم کا فروغ صوبائی حکومت کی ترجیحات میں سرفہرست ہے ان خیالات کا اظہا ر انہوں نے ہفتہ کے روز مرغز ضلع صوابی میں واقع سینٹیننٹل ماڈل ہائی سکول میں سرکاری سکولوں کے طلباء کو فراہم کی جانے والی کتب کے مرکزی سٹور کا افتتاح کرتے ہوئے کیا۔

سپیکر نے اس موقع پر ضلع صوابی کے مختلف سرکاری سکولوں کے پرنسپل حضرات کو کتابیں تقسیم کیں جو بعدازاں سکولوں کے طلباء کو مفت فراہمی کی جائیں گی اس موقع پر ڈی او ایجوکیشن سمیت محکمہ تعلیم کے دیگر ضلعی حکام بھی موجود تھے سپیکر نے قبل ازیں سکول میں زیر تعمیر کمروں کا معائنہ کیا اور مختلف شعبہ جات کا دورہ کیا سپیکر نے اساتذہ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سرکاری سکولوں میں تعینات ہیڈ ماسٹرز و پرنسپل حضرات کو بہتر کارکردگی کے بنیاد پر حوصلہ افزائی کے لئے انعامات و اسناد سے نوازہ جائے گا تاکہ سرکاری تعلیمی اداروں میں مقابلے کی فضاء پیدا کر کے تعلیمی نظام میں بہتری لائی جاسکے انہوں نے کہا کہ کوئی طالبعلم بھی نالائق نہیں بلکہ مناسب توجہ نہ ملنے کے باعث بعض طلباء اپنی صلاحیتوں کا مناسب طور پر مظاہرہ نہیں کرپاتے انہوں نے کہا کہ تعلیمی اداروں کے اساتذہ خصوصی طور پر ہیڈ ماسٹرز و پرنسپل حضرات اگر ذاتی طور پر مظاہرہ کرے ادارے اور طلباء کے بہترین نتائج کے ضمن میں کامیابیاں حاصل کرسکتے ہیں جس کے باعث ایک جانب تو تعلیمی سرگرمیوں میں مثبت تبدیلیاں رونما ہونگی جبکہ دوسری جانب ان کی محنت و جدوجہد کا ان کو صوبائی حکومت کی جانب سے بہترین صلہ بھی ملے گا ۔

(جاری ہے)

سپیکر نے کہا کہ استاد کا معاشرے میں اہم مقام ہے اور جو اساتذہ تعلیم اور تربیت پر توجہ مرکوز رکھتے ہیں اور طلباء سے شفقت سے پیش آتے ہیں ان کو معاشرے میں عزت واحترام کی نظر سے دیکھا جاتا ہے انہوں نے کہا کہ اساتذہ کے جائز مسائل کو حل کرنے میں تمام وسائل بروئے کار لائیں جائینگے سپیکر نے سکول ہذا کے پرنسپل سے کہا کہ سکول میں تعلیمی سرگرمیوں میں اضافہ کرنے کیلئے جو ضروریات بھی ہوں اس سے آگاہ کیا جائے ان ضروریات کو حتیٰ المکان پورا کیا جائے انہوں نے موقع پر موجود ڈی ای او کو سکول کو درپیش مسائل حل کرنے کیلئے احکامات جاری کئے۔

سپیکر نے اساتذہ کو یقین دہانی کرائی کہ این ٹی ایس کے ذریعہ کنٹریکٹ پر بھرتی کئے گئے اساتذہ کی مستقلی کیلئے صوبائی اسمبلی سے قرار داد پاس کروانے کیلئے اقدامات کئے جائینگے۔