اسلام آباد میں اذان، نماز کے اوقات مقرر کرنے کا اقدام مستحسن ہے،جمعیت اتحاد العلماء پاکستان

ہفتہ 14 مارچ 2015 17:09

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔14مارچ۔2015ء) جمعیت اتحاد العلماء پاکستان کے مرکزی سینئر نائب صدر مولانا عبدالجلیل نقشبندی نے وفاقی وزیر مذہبی امور سردارمحمد یوسف کی طرف سے اسلام آباد میں آذان اور نماز کے اوقات مقرر کرنے اور اس دوران کاروبار  مارکیٹیں اور بازار بند کرنے کی تجاویز کو سراہتے ہوئے اسے ایک مستحسن قدم قرار دیا ہے۔

گزشتہ روز جامعہ صدیقیہ اسلامیہ میں علما ء کرام کے ایک وفدسے بات چیت کرتے ہوئے مولانا عبد الجلیل نقشبندی نے کہا کہ اچھی بات اور نیکی کے کام کی تعریف اور حمایت ضروری ہے۔ اس مثبت اور درست سمت میں ایک اہم فیصلے پر وفاقی وزیر مذہبی امور سردار محمد یوسف اور وزارت مذہبی امور خراج تحسین کے مستحق ہیں ۔انہوں نے کہا کہ لادینیت اور استعماری قوتوں کے بڑھتے ہوئے اثر و رسوخ کے باوجود اسلامی تعلیمات کے فروغ اور اتحاد اُمت کے سلسلے میں چھوٹی سے چھوٹی کاوش بھی لائق تحسین ہے۔

(جاری ہے)

دینی جماعتوں اور علماء و مشائخ کو وزارت مذہبی امور کے اس فیصلے کو عملی جامہ پہنا نے کے لئے آگے آنا چاہیے۔انہوں نے کہا کہ اسلام کی سر بلند ی اور اُمت مسلمہ کے اتحاد کے لئے جو بھی قدم اُٹھایا جائے یا کوشش کی جا ئے  اسے تقو یت پہنچاناہمارا دینی فریضہ ہے۔دُنیا بھر میں سیکولر اور اسلام دشمن قوتیں ایک ایجنڈے پر کام کر رہی ہیں۔ وقت کا تقاضا ہے کہ مسلمان بھی مسلک کے اختلافات کو بالائے طاق رکھتے ہوئے عملی طور پر اتحاد و اتفاق کا مظاہرہ کریں۔

مولانا عبد الجلیل نقشبندی نے حکو مت سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ علماء کرام اور مدارس ومساجد کے خلاف اندھا دھند اقدامات سے گریز کرے اورغیر ملکی دباؤ کو خاطر میں نہ لاتے ہوئے نمائندہ علما ء کرام سے مل کر در پیش مسائل کا حل نکالا جائے۔