حکومت کی اسٹیل سیکٹر میں استعمال ہونے والی ہاٹ رولڈ کوائلز مصنوعات کی درآمد پر عائد ریگولیٹری ڈیوٹی 15 فیصد سے کم کرکے 5فیصد کرنے کی تجویز

ہفتہ 14 مارچ 2015 16:55

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔14مارچ۔2015ء) وزارت صنعت و پیداوار نے اسٹیل سیکٹر میں استعمال ہونے والی ہاٹ رولڈ کوائلز (ایچ آر سیز) مصنوعات کی درآمد پر عائد ریگولیٹری ڈیوٹی کی شرح 15 فیصد سے کم کرکے 5فیصد کرنے کی تجویز دے دی ہے۔میڈیا رپورٹس کے مطابق وزارت صنعت و پیداوار نے ہاٹ رولڈ کوائلزمصنوعات کی درآمد پر عائد ریگولیٹری ڈیوٹی کی شرح میں کمی کی سمری کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی(ایس سی سی )کو بھجوانے کے لیے فیڈرل بورڈ آف ریونیو(ایف بی آر) سے رائے مانگ لی ہے۔

دستاویز کے مطابق وزارت صنعت و پیداوار کی جانب سے 6مارچ 2015 کو لکھے جانے والے لیٹر نمبر 4(8)/2011LED-I میں ہاٹ رولڈ کوائلزمصنوعات کی درآمد پر عائد ریگولیٹری ڈیوٹی کی شرح 15 سے کم کرکے 5 فیصد کرنے کی تجویز دی گئی ہے۔

(جاری ہے)

دستاویز میں بتایا گیاکہ ایس آر او نمبر 565(I)/2006 کے تحت کولڈ رولڈ کوائلز کے مینوفیکچررز کو تمام اوریجن سے ہاٹ رولڈ کوائلز کی درآمد پر کسٹمز ڈیوٹی میں رعایت دی گئی ہے اور مذکورہ ایس آر او کے تحت ہاٹ رولڈ کوائلز کی درآمدات پر 5فیصد کسٹمز ڈیوٹی عائد ہے جبکہ پاک چین آزاد تجارتی معاہدے کے تحت آٹوموبائل سیکٹرکے وینڈرز ،پائپ و ٹیوب کے مینوفیکچررز اور کمرشل امپورٹرز کو ہاٹ رولڈ کوائلزمصنوعات کی درآمد پر کسٹمز ڈیوٹی میں رعایت حاصل ہے جبکہ پاک چین آزاد تجارتی معاہدے کے تحت پرائمری اورسیکنڈری ہاٹ رولڈ کوائلز کی درآمد پر بالترتیب 5 اور16 فیصد کسٹمز ڈیوٹی عائد ہے جبکہ قانونی طور پر پرائمری ہاٹ رولڈ کوائلز کی درآمد پر 10 فیصد جبکہ سیکنڈری ہاٹ رولڈ کوائلز کی درآمد پر 20فیصد ڈیوٹی عائد ہے۔

دستاویز میں بتایا گیاکہ جولائی تا جنوری کے دوران 21.5ارب روپے کی ہاٹ رولڈ کوائلز مصنوعات درآمد ہوئی ہیں جن میں پاک چین آزاد تجارتی معاہدی کے تحت درآمدات کا حصہ 63 فیصد اور ایس آر او نمبر565(I)/2006 کے تحت درآمدات کا حصہ 32 فیصد ہے۔ دستاویز کے مطابق ہاٹ رولڈ کوائلز کی درآمد پر 15 فیصد ریگولیٹری ڈیوٹی کے یکساں نفاذ سے کولڈ رولڈ کوائلز مینوفیکچررز کے لیے ٹیرف بہت بڑھ جائے گا جس سے پائپ اور ٹیوب کی قیمتوں میں اضافہ ہوگا لہٰذا مقامی انڈسٹری کو تحفظ دینے کے لیے ایس آر او نمبر 565(I)/2006 کی سیریل نمبر 41 کے تحت ہاٹ رولڈ کوائلز کی شیٹس کو کولڈ رولڈ کوائلز مینوفیکچررز کی درآمد میں شمار نہ کیا جائے اور اس پر 15کے بجائے 5 فیصد ریگولیٹری ڈیوٹی عائد کی جائے جبکہ پی ٹی سی ہیڈنگ 7303، 7304، 7305 اور پی ٹی سی ہیڈنگ 7306 میں شامل پائپس کو خام مال کے موجودہ ٹیرف اسپریڈ میں رکھا جائے۔

متعلقہ عنوان :