آر سی سی آئی انڈسٹریل اسٹیٹ کے کام جلد شروع کئے جائیں گے: سید اسد مشہدی

ہفتہ 14 مارچ 2015 14:38

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔14مارچ۔2015ء) راولپنڈی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری میں آر سی سی آئی روات انڈسٹریل اسٹیٹ کے منیجمنٹ بورڈ کا اجلاس چیئرمین نجم ریحان کی زیر صدارت راولپنڈی چیمبر میں منعقد ہو اجس میں صدر چیمبر سید اسد مشہدی ، سابق صدر منظر خورشید، معروف قانون دان قمر افضل ، بریگیڈئیر (ر) جاوید الپائل ، میجر (ر) اعجاز محمود اور رضوان اعجاز بھی موجود تھے۔

اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے سابق صدر آر سی سی آئی و چیئرمین منجمنٹ بورڈ روات انڈسٹریل اسٹیٹ نجم ریحان نے کہا کہ انڈسٹریل اسٹیٹ کی ترقی کیلئے ہر ممکن اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں، پہلے مرحلے میں دو رویہ کشادہ سڑک کی تعمیر اور بنیادی انفراسٹرکچر کی بحالی کیلئے حکومت پنجاب سے با ضابطہ رابطہ کیا جا رہا ہے ،انڈسٹریل اسٹیٹ کو جی ٹی روڈ کے ساتھ ملانے کیلئے بھی اقدامات اٹاھئے جائیں گے تا کہ انڈسٹریل ایریا میں بنیاد ی سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنا کر صنعت کو فروغ دیا جا سکے، انہوں نے کہا کہ حکومت اس علاقے کو صنعتی زون ڈیکلئیر کر چکی ہے لہذا اب اسکی ڈویلپمنٹ میں حکومت اپنا کردار اد اکرے تا کہ دیگر انڈسٹری کو بھی اس خطے میں لایا جا سکے۔

(جاری ہے)

انہوں نے صدر چیمبر سید اسد مشہدی سے اس ضمن میں چیمبر کا کردار ادا کرنے کی اپیل بھی کی۔اس موقع پر صدر چیمبر سید اسد مشہدی نے کہاہے کہ آر سی سی آئی روات انڈسٹریل اسٹیٹ راولپنڈی چیمبرکا ایک عظیم منصوبہ ہے جو پرائیویٹ سیکٹر کی طرف سے شروع کیا گیا اپنی نوعیت کا واحد منصوبہ ہے ، حکومتی عدم توجہ اور سہولیات کے فقدان نے اس منصوبہ کو نا قابل تلافی نقصان پہنچایا ہے، لیکن اب راولپنڈی چیمبر اور کاروباری برادری مل کر اسکے ترقیاتی کاموں کو جلد شروع کرے گی۔

راولپنڈی چیمبر کی کاوشوں سے انڈسٹریل اسٹیٹ میں ٹیلی فون ایکسچینج،بجلی کی بلاتعطل فراہمی ، پولیس چوکی اور انٹرنیٹ کی جدید ترین سہولیات بہم پہنچا دی ہیں لیکن انڈسٹریل اسٹیٹ میں پانی کی کمی ، گیس کی عدم دستیابی اور مین سڑک کی تعمیر تاحال حکومتی توجہ کے منتظر ہیں اس ضمن میں راولپنڈی چیمبر انڈسٹریل اسٹیٹ کے صنعت کاروں کے مطالبات کو نہ صرف حکومتی سطح پر پہنچائے گا بلکہ ان کو حل کرانے میں بھی بھر پور کردار ادا کرے گا، روات انڈسٹریل اسٹیٹ کے مینیجنگ بورڈ کے قیام سے مسائل جلد حل ہونگے۔