بلدیاتی انتخابات، آصف زرداری کی عوام سے رابطے تیز کرنے کی ہدایت

ہفتہ 14 مارچ 2015 12:58

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔14مارچ۔2015ء) سابق صدر و شریک چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی آصف علی زرداری نے پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنماؤں اور عہدیداروں کو بلدیاتی انتخابات کی تیاری کے سلسلے میں عوام سے رابطے تیز کرنے کی ہدایت کر دی ہے،میڈیارپورٹ کے مطابق انہوں نے یہ ہدایت پیپلز پارٹی خیبرپختونخوا کے صدر سینیٹر خانزادہ خان کی سربراہی میں ایک وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کی ۔

وفد نے جمعہ کو اسلام آباد میں سابق صدر سے ملاقات کی۔ سابق وزیراعظم راجہ پرویز اشرف اور پی پی پی پارلیمنٹیرینز کی نائب صدر شیری رحمن بھی ملاقات میں موجود تھیں۔ اس موقع پر ملک کی سیاسی صورتحال اور بلدیاتی انتخابات سے متعلق امور پر تبادلہ خیالات کیا گیا۔ آصف علی زرادری نے کہا کہ وہ بلدیاتی انتخابات سے پہلے پارٹی کارکنوں سے ملاقات کے لئے جلد پشاور کا دورہ کریں گے۔

(جاری ہے)

انہوں نے صوبائی صدر کو دورے سے قبل تمام انتظامات مکمل کرنے کی ہدایت کی۔ سابق صدر کے ترجمان سینیٹر فرحت اللہ بابر نے کہا کہ شریک چیئرمین نے یہ واضح کر دیا ہے کہ پارٹی تمام سطح پر انتخابات میں حصہ لے گی۔ مختلف سطح پر امیدواروں کے چناؤ کے لئے کمیٹیاں بنانے کی ہدایات بھی کر دی گئی ہیں۔ آصف علی زرداری نے کہا کہ بلدیاتی انتخابات جمہوریت کی نرسری ہیں اور یہ ضروری ہے کہ ان کے لئے انتخابات پارٹی کی بنیاد پر ہوں۔

متعلقہ عنوان :