کراچی ، انسدادِ دہشت گردی کی عدالت نے نائن زیرو پر چھاپے میں گرفتار 32 ملزمان کو90روز کے لیے رینجرز کی تحویل میں دیدیا

جمعہ 13 مارچ 2015 00:02

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔13مارچ۔2015ء) کراچی کی انسدادِ دہشت گردی کی عدالت نمبر 2 نے متحدہ قومی موومنٹ کے مرکز نائن زیرو پر چھاپے میں گرفتار 32 ملزمان کو90روز کے لیے رینجرز کی تحویل میں دیدیا گیا ہے ،دو روز کے دوران عدالت میں پیش کیے جانے والے ملزمان کی تعداد 60 ہوگئی، جبکہ 26ملزمان کو 14روزہ ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کردیا ہے ، نائن زیرو پر رینجرز کے آپریشن میں گرفتار ہونے والوں کی عدالت میں پیشی کا سلسلہ ابھی تھما نہیں ہے، جمعہ کی صبح ساڑھے دس بجے کے قریب رینجرز کا ایک ٹرک 32ملزمان کو لے کر عدالت پہنچا ، ملزمان کے ہاتھ رسیوں سے بندھے ہوئے تھے اور آنکھوں پر پٹیاں تھیں، ملزمان کو ایک ایک کر کے ٹرک سے اتارا گیا اور عدالت میں پہنچایا گیا ،رینجرز کے وکیل نے تحفظ پاکستان آرڈیننس کے تحت ملزمان کے 90 روز کیلئے ریمانڈ کی استدعا کی جسے عدالت نے منظور کرلیا، جس کے بعد ملزمان کو جس طرح لایا گیا اسی طرح واپس ٹرک میں سوار کرادیا گیا،تمام ملزمان پر غیرقانونی اسلحہ اور دھماکا خیزمواد رکھنے کے الزامات ہیں، گزشتہ روز رینجرز نے 28 ملزمان کو عدالت میں پیش کرکے90 روز کا ریمانڈ حاصل کیا تھا۔

(جاری ہے)

دوسرے مرحلے میں 26ملزما ن کو عدالت میں پیش کیا گیا ۔رینجرز کے مطابق 26ملزمان میں عدالتوں سے بھاگے ہوئے اشتہاری ملزمان بھی شامل ہیں، ملزمان میں صحافی ولی خان بابرکے قتل میں ملوث فیصل موٹا ، عبید کے ٹو اور نادر بھی شامل ہے۔ ملزمان کوہتھکڑیاں لگاکراورآنکھوں پر پٹیاں باندھ کرعدالت میں پیش کیا گیا۔26 ملزمان کو غیرقانونی اسلحہ اور دیگرجرائم میں14روزہ جسمانی ریمانڈ پرپولیس کے حوالے کردیا گیا،تحفظِ پاکستان آرڈیننس کے تحت رینجرز کے پاس یہ اختیارات ہوتے ہیں کہ جن ملزمان پرسنگین جرائم میں ملوث ہونے کا شبہ ہو انہیں نوے روز تک بغیر کسی ایف آئی آر اور ثبوت کے اپنے پاس رکھ سکتی ہے۔

یاد رہے کہ ملزمان کو دو روز قبل ایم کیو ایم کے مزکر نائن زیرو پر چھاپے کے دوران گرفتار کیا گیا تھا۔گزشتہ روز بھی رابطہ کمیٹی کے ممبراور سینئر رہنماء عامرخان سمیت 27 ملزمان کو 90 روزہ ریمانڈ پر رینجرز کے حوالے کیا گیا تھا۔

متعلقہ عنوان :