پاکستان میں عدل وانصاف کی نہیں ظلم کی حکومت ہے ، سراج الحق ،

مسلم لیگ (ن) او رپیپلز پارٹی ایک دوسرے کی سپورٹرز ہیں ، احتساب نہیں کرینگی ،زرداری اور نواز شریف ایک ہی پارٹی میں شامل ہوجائیں ، ایسے دستو ر کو ہم نہیں مانتے جس میں غریبوں کا حصہ نہیں ، بلدیہ فیکٹری سانحہ میں جے آئی ٹی رپورٹ وفاقی حکومت کا امتحان ہے مذہب کا نام استعمال کرنے والوں کا مواخذہ ہوتا ہے تو سیاست کے نام پر دہشتگردی کرنے والوں کو کیوں نہیں پکڑا جاتا، انٹرویو/تقریب سے خطاب

جمعہ 13 مارچ 2015 23:48

ٹیکسلا( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔13مارچ۔2015ء ) امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ پاکستان میں اس وقت ظلم کی حکومت ہے ، عدل و انصاف کی نہیں ، مسلم لیگ (ن) اور پیپلز پارٹی ایک دوسرے کے سپورٹرز ہیں ، احتساب نہیں کرینگے ، آصف زرداری اور نواز شریف ایک ہی پارٹی میں شامل ہوجائیں ایسے دستور کو ہم نہیں مانتے جس میں غریبوں کا حصہ نہیں ۔

جمعہ کے روز ایک تقریب سے خطاب اور انٹرویو میں سراج الحق نے کہا کہ پاکستان میں جاگیرداروں اور چند خاندانوں کی حکومت ہے اور اس وقت ظالموں کی حکومت ہے عدل و انصاف کی نہیں ہے ہم ایسے دستور کو نہیں مانتے جس میں غریب کا کوئی حصہ نہیں ۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں کرپشن اور بدامنی ہے پیپلز پارٹی اور (ن) لیگ ایک دوسرے کے سپورٹر ہیں یہ جماعتیں کبھی ایک دوسرے کا احتساب نہیں کرینگی ۔

(جاری ہے)

نواز شریف اور زرداری کو چاہیے کہ الگ الگ پارٹیوں کی بجائے ایک ہی پارٹی میں شامل ہوجائیں انہوں نے کہا کہ غریب کے لیے جہاز والے نہیں بلکہ غریب ہی مدد کے لیے کھڑا ہوتا ہے کارکن ہماری طاقت ہیں ۔ انشاء اللہ بہت جلد ملک میں امن کا سورج طلوع ہوگا ۔ انہوں نے کہا کہ الطاف حسین لندن میں بیٹھ کر الٹے سیدھے بیانات دیتے رہتے ہیں وہ صبح کچھ اور شام کچھ کہتے ہیں ان کی کسی بات کا جواب دینا مناسب نہیں سمجھتا ۔

انہوں نے کہا کہ بلدیہ فیکٹری سانحہ میں جے آئی ٹی رپورٹ وفاقی حکومت کا امتحان ہے مذہب کا نام استعمال کرنے والوں کا مواخذہ ہوتا ہے تو سیاست کے نام پر دہشتگردی کرنے والوں کو کیوں نہیں پکڑا جاتا ۔ انہوں نے کہا کہ دہشتگردی بدامنی اور غلط اقدام ایک ہی چیز کے تین نام ہیں آپ کچھ بھی کہہ لیں مطلب تو وہی ہے