پشتون اس ملک میں قومی برابری ، ملی وحدت اور قومی حق حاکمیت وحق ملکیت سے محروم ہے ،ہمارے تمام وسائل پر دوسروں کا استعماری قبضہ مسلط ہے،سینیٹر عبدالرؤف خان

جمعہ 13 مارچ 2015 22:52

اسلام آباد/کوئٹہ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔13مارچ۔2015ء) پشتونخواملی عوامی پارٹی کے مرکزی سیکرٹری (ر) سینیٹر عبدالرؤف خان نے کہا ہے کہ پشتون اس ملک میں قومی برابری ، ملی وحدت اور قومی حق حاکمیت وحق ملکیت سے محروم ہے اور ہمارے تمام وسائل پر دوسروں کا استعماری قبضہ مسلط ہے جس کی وجہ سے پشتونخواوطن کے عوام دہشتگردی کا شکار ہے اور بھوک وافلاس ،بیروزگاری اور ناخواندگی ،مسافری کی اذیت ناک صورتحال میں زندگی گزارنے پر مجبور ہے اس اذیت ناک صورتحال اور قومی محکومی سے نجات قومی سیاست اور جدوجہد کے ذریعے ممکن ہے ۔

پشتونخوامیپ پشتو زبان کی سرکاری، تدریسی ،عدالتی زبان کی حیثیت سے ترویج اورقوموں کی برابری کیلئے اپنی تاریخی جدوجہد جاری رکھے گی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پشتونخوامیپ راوالپنڈی /اسلام آباد کی جانب سے منعقدہ تقریب کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے کیا ۔

(جاری ہے)

جس سے پارٹی کے ضلعی سیکرٹری عبدالقیوم اچکزئی نے بھی خطاب کیا ۔ تقریب میں پارٹی یونٹوں کے سیکرٹریز ،کارکنوں ،میڈیا کے نمائندوں ، شعراء اور ادیبوں نے شرکت کی ۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان پشتون ،بلوچ، سندھی ،سرائیکی ،پنجابی اقوام پر مشتمل ایک قومی فیڈریشن ہے جس میں ہر قوم کی اپنے سرزمین ،تاریخ ،ثقافت اور وسائل موجود ہے لیکن ملک کے بالادست استعماری ،غیر جمہوری قوتوں نے پہلے دن سے قوتوں کے وجود کو تسلیم کرنے سے انکار کیا انہی قوتوں کے استعماری اور غیر جمہوری سوچ کی وجہ سے ملک کے محکوم اقوام بالخصوص پشتون اپنے تاریخ کے انتہائی نازک دور سے گزررہا ہے ۔

انہوں نے کہا کہ آج ایکسویں صدی میں بھی پشتون کسمپرسی کی زندگی گزارنے میں مجبور ہے اور اپنے مادروطن پر روزگار نہ ہونے کے باعث پشتون من حیث القوم اپنے وطن سے باہر مسافر قوم کی حیثیت سے سے زندگی گزارنے پرمجبور ہیں۔ قدرتی وسائل سے مالا مال وطن ہونے کے باوجود پشتون قوم زندگی کی تمام بنیادی سہولیات سے محروم ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ملک بھر بالخصوص پنجاب پولیس پشتونوں کے ساتھ روا رکھے گئے ناروا غیر جمہوری غیر اخلاقی عمل کی پشتونخوامیپ شدید مذمت کرتی ہے پشتونوں کو مختلف حیلوں وبہانوں کے ذریعے حراساں کرنا اور انہیں حبس بیجا میں رکھا جاتا ہے اور ربھاری رقم رشوت لیکر بعد میں انہیں رہا کیا جاتا ہے جو کہ کسی صورت قابل قبول نہیں پنجاب حکومت سے مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ پنجاب پولیس کے اس غیر قانونی غیر اخلاقی طرز عمل کا فی الفور نوٹس لیکر پشتونوں کو تنگ کرنے اور حراساں کر نے سلسلہ ترک کرے۔

انہوں نے پارٹی کے سینیٹرز عثمان خان کاکڑ ،سردار اعظم خان موسیٰ خیل ،محترمہ گل بشریٰ کو مبارکباد دی اور امید ظاہر کی کہ سینیٹرز پارٹی کے محبوب چےئرمین محترم مشر محمود خان اچکزئی کی قیادت میں بڑی جرات ،بہادری اور بے باکی سے چترال تا بولان بشمول اٹک میانوالی پر مشتمل پشتونخوا ،پشتونستان یا افغانیہ کے نام سے متحدہ صوبے کے قیام ،اپنے وسائل پر ملی واک واختیار اور پشتونخوا وطن میں پشتو زبان کی سرکاری ،تدریسی ،عدالتی زبان کی حیثیت سے ترویج اور قوموں کی برابری کیلئے اپنی تاریخی جدوجہد جاری رکھے گی۔