پشتونخوا اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن کے زیر اہتمام سکول داخلہ مہم کے سلسلے میں مختلف علاقوں ،محلوں میں گھر گھر مہم ، 428گھروں میں والدین سے ملاقاتیں

جمعہ 13 مارچ 2015 22:49

کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔13مارچ۔2015ء)پشتونخوا اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن کے زیر اہتمام سکول داخلہ مہم کے سلسلے میں تختانی بائی پاس ،محمود مینہ اور آس پاس کے علاقوں ،محلوں میں گھر گھر مہم کے دوران 428گھروں میں والدین سے ملاقاتیں کی گئی اور ان سے اپنے بچوں کو سکولوں میں داخل کرنے کی اپیل کی گئی اور تمام علاقوں میں پورے دن لوڈ سپیکروں کے ذریعے تعلیم کی اہمیت اجاگر کرتے ہوئے اعلانات کےئے گئے اور چاکنگ کی گئی۔

ژوب میں قمرالدین کاریز ،شوغیلہ ، طور لوون، قمر الدین بازار میں سکول داخلہ مہم کے سلسلے میں گھر گھر مہم کا سلسلہ جاری رکھا گیا ۔ لورالائی میں میختر کے مختلف علاقوں میں آرگنائزیشن کے کارکنوں نے گھروں میں جاکر عوام کو تعلیم کی اہمیت سے آگاہ کیا ۔

(جاری ہے)

قلعہ سیف اللہ میں تعلیمی مہم کے سلسلے میں ڈور ٹو ڈور کمپین جاری ہے سکول داخلہ مہم کے دوران پشتونخوا اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن کے کارکن بڑی تعداد میں دور دراز کے علاقوں بالخصوص دیہات میں بچوں اور بچیوں کو سکولوں میں داخل کرنے اور ان کے والدین کو تعلیم کی اہمیت سے آگاہ کرنے پر خصوصی توجہ مرکوز کےئے ہوئے ہیں اور روزانہ کی بنیاد پر مختلف اضلاع میں سینکڑوں گھروں ،محلوں ،گلیوں اور دیہاتوں میں مہم کا سلسلہ جاری رکھا گیا ہے ۔

اور مارچ کے آخر تک سکول داخلہ مہم کا یہ سلسلہ جاری رہیگا۔