Live Updates

اے این پی عوام کو موجودہ بحرانوں سے نجات دلانے کی بھرپور صلاحیت رکھتی ہے ، سید معصوم شاہ،

تحریک انصاف کے تبدیلی کا نعرہ محض عوام کی آنکھوں میں دھول جھونکنا تھا، اے این پی نے اپنے انتخابی منشور میں عوام سے جو وعدے کیے تھے وہ بتدریج پورے کیے، رہنما عوامی نیشنل پارٹی

جمعہ 13 مارچ 2015 21:10

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔13مارچ۔2015ء ) عوامی نیشنل پارٹی واحد سیاسی پارٹی ہے جو عوام کو موجودہ بحرانوں سے نجات دلانے کی بھرپور صلاحیت رکھتی ہے جو کامیابیاں دیگر پارٹیوں کی حکومتیں پاکستان کی 68 سالہ تاریخ میں حاصل نہیں کر سکیں تووہ عوامی نیشنل پارٹی نے اپنے گزشتہ پانچ سالہ دور حکومت میں حاصل کیں۔ ان خیالات کا اظہار عوامی نیشنل پارٹی کے رہنما سید معصوم شاہ نے تپہ کتو زئی کے زیر اہتمام تپہ صدر جانس خان کی زیر صدارت منعقدہ شمولیتی تقریب سے کیا جس کے سٹیج سیکرٹری کے فرائض نوشاد اُستاد نے انجام دئیے۔

اس موقع پر قومی وطن پارٹی سے ملک سبز علی خان ، ملک نصیر خان ، ملک جہانزیب خان ، ملک بشیر ، ملک گل خان ، ملک کمال خان ، آذر خان ، عادل خان ، ملک عابد خان ، گل وہاب عرف طورے ، تحریک انصاف سے قاضی کلیم اللہ ، ملک زبیر خان ، ارباب جلال ، ملک شکیل احمد ، ملک عمیر خان ، وقاص احمد ، عباد الرحمان ، خیال محمد ، شمشیر کاکا اورحاجی سلوت ، جمعیت علمائے اسلام سے ارباب عبدالعزیز ، ملک احمد جان جبکہ پاکستان مسلم لیگ (ن) سے ملک محمد جان ، شیر بادشاہ ، ملک کفایت ، ملک حکیم اللہ ، ملک شمشاد اور جعفر خان نے اپنے خاندان اور سینکڑوں ساتھیوں سمیت عوامی نیشنل پارٹی میں شمولیت کا اعلان کیا۔

(جاری ہے)

شمولیتی تقریب سے اے این پی کے رہنما سید معصوم شاہ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اے این پی نے اپنے دور حکومت میں ریکارڈ ترقیاتی کام کیے تعلیمی میدان میں ریکارڈ تعلیمی اصلاحات کیں۔ پانچ سالہ دور حکومت میں صوبے میں نو یونیورسٹیوں کا قیام ، 46 نئے ڈگری کالجز کی منظوری اور اربوں روپے کے دیگر ترقیاتی منصوبے مکمل کرنا کسی معجزے سے کم نہیں۔اُنہوں نے کہا کہ اے این پی نے اپنے انتخابی منشور میں عوام سے جو وعدے کیے تھے وہ بتدریج پورے کیے۔

اُنہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کے تبدیلی کا نعرہ محض عوام کی آنکھوں میں دھول جھونکنا تھا۔ تبدیلی کا نعرہ لگانے والوں نے صوبے کے تمام نظام کو مفلوج کر رکھا ہے اور عوام اب تحریک انصاف کی حکومت سے بیزار ہو چکے ہیں۔ اُنہوں نے کہا کہ اے این پی کی مثبت اور انسان دوست پالیسیوں کی بنیاد پر آج دیگر سیاسی پارٹیوں کے عہدیدار اور کارکن جوق در جوق اے این پی میں شامل ہو رہے ہیں جس سے عوام میں اے این پی کا گراف بلند ہو رہا ہے ۔ اُنہوں نے کہا کہ آنے ولا کل اے این پی کا ہو گا اور انشاء اللہ آئندہ بلدیاتی اور عام انتخابات میں عوامی نیشنل پارٹی اپنے حریف جماعتوں کی ضمانتیں تک ضبط کر دے گی۔

Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات