گلگت بلتستان کے معدنی وسائل معاشی خوشحالی کا باعث بن سکتے ہیں، چوہدری محمد برجیس طاہر

جمعہ 13 مارچ 2015 17:45

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔13مارچ۔2015ء) گورنر گلگت بلتستان و وفاقی وزیر برائے امور کشمیر و گلگت بلتستان چوہدری محمد برجیس طاہر نے کہا ہے کہ گلگت بلتستان کی معدنی دولت کو نظر انداز کرنا انتظامی و سیاسی جرم کے مترادف ہے۔ ماضی کی حکومتوں نے اس سلسلے میں غفلت کا مظاہرہ کیا۔ گلگت بلتستان کے وسائل سے نہ صرف خطہ بلکہ پاکستان بھی خوشحال ہوسکتا ہے۔

موجودہ حکومت منرل پالیسی کو ترجیحی بنیادوں پر بنا رہی ہے جو جلد حتمی شکل میں سامنے آجائے گی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اسلام آباد میں ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہاکہ گورنر ہاؤس کے دروازے ہر خاص و عام کیلئے کھلے ہیں۔ اس بات کا ثبوت یہ ہے کہ پچھلے دو دنوں میں ہر طبقہ فکر کے لوگوں نے ان سے گورنر ہاؤس میں ملاقات کی۔

(جاری ہے)

جمعیت علماء اسلام، مساجد بورڈ، اسماعیلی کونسل اور بار کونسل سمیت کئی ایک وفود نے ان سے گورنر ہاؤس میں ملاقات کی اور گلگت بلتستان کو درپیش مسائل سے متعلق مشاورت کی۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ وہ ہر طبقے کے لوگوں کو گورنر ہاؤس میں خوش آمدید کہیں گے اور ہر ہفتے دو دن گلگت بلتستان میں گزاریں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہم لوگوں کی مشاورت سے مسائل کے حل کو ترجیح دیتے ہیں۔ ماضی میں گلگت بلتستان منرل ڈیپارٹمنٹ نہ ہونے کے برابر تھا اور کان کنی غیر قانونی طریقے سے ہوا کرتی تھی۔ ہم نے محکمہ معدنیات کو طاقتور اور فعال بنانے کا فیصلہ کیا ہے اور بہت جلد گلگت بلتستان کے معدنی وسائل خطے کی ترقی میں کردار ادا کرتے نظر آئیں گے۔

متعلقہ عنوان :