صدر ممنون حسین کی آذربائیجان کے وزیر خارجہ اوردفاع سے ملاقات، مسئلہ کشمیرپر پاکستانی موقف کی حمایت پرشکریہ ادا کیا

جمعہ 13 مارچ 2015 17:39

باکو(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔13مارچ۔2015ء) صدر مملکت ممنون حسین نے کہا ہے کہ عالمی اور علاقائی امن، استحکام و ترقی اور باہمی تعاون کے شعبوں میں پاکستان اور آذربائیجان کے خیالات میں یکسانیت پائی جاتی ہے اور وہ عالمی اور علاقائی فورموں میں ایک دوسرے کے ساتھ مکمل تعاون کرتے ہیں۔صدر مملکت نے یہ بات آذربائیجان کے وزیر خارجہ علمار محرم مامد یاروو سے بات چیت کے دوران کہی۔

صدر مملکت نے مسئلہ کشمیر کے سلسلے میں پاکستان کے موقف کی حمایت پر آذربائیجان کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ پاکستان نوگونو کاراباخ کے مسئلے پر آذربائیجان کے موقف کا مکمل طور پر حامی ہے۔ صدر مملکت نے کہا کہ پاکستان اور آذربائیجان کے دوستانہ تعلقات اور باہمی اعتماد کی اصل کامیابی یہ ہوگی کہ سیاسی نوعیت کے ان تعلقات کو تجارت، سرمایہ کاری، دفاع، تعلیم، ثقافت اور سائنس و ٹیکنالوجی کے شعبوں میں تعاون سے تبدیل کر دیا جائے۔

(جاری ہے)

صدر مملکت نے اس موقع پر پیشکش کی کہ آذربائیجان کی فارن سروس کے افسروں کو پاکستان کی فارن سروسز ایکڈمی میں تربیت دی جاسکتی ہے۔ میزبان وزیر خارجہ نے اس پیشکش کا شکریہ ادا کرتے ہوئے پاکستان کے تجربات سے فائدہ اٹھانے میں دلچسپی ظاہر کی۔صدر مملکت سے آذربائیجان کے وزیر دفاع یاور جمالوو نے بھی ملاقات کی۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے صدر مملکت نے کہا کہ دونوں ممالک کو زندگی کے ہرشعبے میں ایک دوسرے کے ساتھ تعاون کرنا چاہیے۔

دونوں رہنماوں نے اس امر پر زور دیا کہ دفاع کے شعبے میں ایک دوسرے کے تجربات سے فائدہ اٹھانا چاہیے۔صدر مملکت ممنون حسین سے آذربائیجان کی پارلیمنٹ کی رکن گنیرالاصغر کیزی پاشاؤو نے بھی ملاقات کی۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے صدر مملکت نے کہا کہ دونوں ملکوں کی پارلیمنٹ کے درمیان قریبی رابطے دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے میں اہم کردار ادا کرسکتے ہیں۔

اس موقع پر گنیرالاصغر کیزی نے پاکستان سے متعلق اپنی کتاب صدر مملکت کو پیش کی۔ گنیرا الاصغر کیزی نے کہا کہ پاکستان آذربائیجان کا سچا دوست ہے اور اس کتاب کے ذریعے ہم اپنی نئی نسل کو پاکستان کے بارے میں آگاہی دے سکئیں گے۔ صدر مملکت نے گنیرا الاصغر کیزی کی کتاب کی تعریف کی اور پاکستان ا?ذربائیجان کے تعلقات کو فروغ دینے کے لیے ان کے کردار کو سراہا۔

متعلقہ عنوان :