Live Updates

تحریک انصاف نے پنجاب میں بلدیاتی انتخابات میں حصہ لینے کے لئے بھرپور تیاریاں شروع کر دیں

جمعہ 13 مارچ 2015 14:22

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔13مارچ۔2015ء) پاکستان تحریک انصاف کی مرکزی قیادت نے پنجاب میں بلدیاتی انتخابات میں حصہ لینے کے لئے بھرپور تیاریاں شروع کر دی ہیں۔ تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے پنجاب تنظیم کے علاوہ ہر اضلاع کی تنظیم کو ہدایت کی ہے کہ جو نوجوان اٹھارہ سال کی عمر کو پہنچ چکے ہیں ان کے فوری طور پر شناختی کارڈ کے ساتھ ساتھ ان کا اپنے علاقوں میں فوری ووٹ بنائے جائیں تاکہ ستمبر میں ہونے والے بلدیاتی انتخابات میں مسلم لیگ ن اور دیگر سیاسی جماعتوں کو بری طرح شکست دی جا سکے۔

چنانچہ اس ہدایت کی روشنی میں پنجاب کے اضلاع کی تنظیموں نے اپنے نوجوانوں کے شناختی کارڈ بنانے کے لئے نادرا کے دفاتر کا رخ کر لیا ہے۔ اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔

(جاری ہے)

13مارچ۔2015ء کے سروے کے مطابق ستمبر میں ہونے والے بلدیاتی انتخابات میں تحریک انصاف نہ صرف اپنی طاقت کا بھرپور مظاہرہ کرے گی بلکہ مسلم لیگ ن کو بھی ٹف ٹائم دے گی۔ گو حکومت نے ایک نوٹیفکیشن کے ذریعے سٹی ڈسٹرکٹ گورنمنٹ کے نظام میں تبدیلی کر دی ہے۔

اب ٹاؤن کی سطح پر بننے والے میونسپل اداروں کو ختم کر کے ضلع کونسل‘ میونسپل کارپوریشن اور میونسپل کمیٹیوں کا وہی نظام بحال کر دیا گیا ہے جو نواز شریف اور محمد خان جونیجو کے دور میں تھا۔ اس نظام کے تحت ضلع کونسل کا چیئرمین ڈپٹی کمشنر کے ماتحت ہو گا اور میونسپل کارپوریشن کا میئر ڈویژن کے کمشنر کے احکامات پر عمل کرنے کا پابند ہو گا جبکہ اسی طرح تحصیل کی سطح پر میونسپلٹی کا چیئرمین اور ممبران بھی متعلقہ اسسٹنٹ کمشنر کے نگرانی میں کام کریں گے جبکہ جنرل مشرف کے دور میں ملک بھر میں بلدیاتی اور سٹی ڈسٹرکٹ گورنمنٹ کا جو نظام بنایا گیا تھا اس کے تحت ضلع کا ناظم مکمل بااختیار تھاجبکہ ڈی سی او اور دیگر اداروں کے سربراہ اس ناظم کے احکامات ماننے کے پابند تھے اسی طرح ضلع کونسل کے ممبران کے ہونے والے اجلاس کو ضلعی اسمبلی کا درجہ دیا گیا تھا اور ضلع کا نائب ناظم اس اسمبلی کا سپیکر کہلاتا تھا مگر موجودہ حکومت نے پاکستان تحریک انصاف کی بڑھتی ہوئی مقبولیت اور نوجوانوں کا رویہ دیکھتے ہوئے پنجاب میں اچانک ایک نوٹیفکیشن کے ذریعے اس نظام کو تبدیل کر کے سیکرٹری بلدیات پنجاب سے نیا حکم نامہ جاری کرا دیا ہے جس کا مطلب پنجاب بھر میں منتخب ہونے والے کونسلر‘ میئر‘ ڈپٹی میئر‘ یونین کونسل کے چیئرمین تمام انتظامیہ کے ماتحت کام کرنے کے پابند ہونگے۔

اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔13مارچ۔2015ء کو مزید معلوم ہوا ہے کہ تحریک انصاف کا مقابلہ کرنے کے لئے مسلم لیگ ن کی مرکزی قیادت نے حمزہ شہباز شریف کی سربراہی میں ایک کمیٹی قائم کر دی ہے جو پنجاب بھر میں منتخب ہونے والے کونسلروں میں سے میئر‘ ڈپٹی میئر‘ چیئرمین ضلع کونسل‘ وائس چیئرمین ضلع کونسل کے امیدوار نامزد کرے گی۔ بلدیاتی انتخابات میں دیگر سیاسی جماعتوں جن میں پاکستان پیپلزپارٹی‘ جماعت اسلامی اور مسلم لیگ ق انتخابات میں مختلف سیاسی جماعتوں سے الحاق کرنے کے بارے میں لائحہ عمل تیار کر رہی ہیں۔

Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات