کو ئلہ کانوں کی نیلامی سکینڈل ، نئی دہلی میں کانگریس کی منموہن سنگھ کی حمایت میں مارچ

جمعہ 13 مارچ 2015 13:12

نئی دہلی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔13مارچ۔2015ء) بھارت میں حزب اختلاف کی جماعت کانگریس کے سینیئر رہنماوٴں نے سابق وزیراعظم منموہن سنگھ کی حمایت میں ان کی رہائش گاہ تک مارچ کیا ہے۔منموہن سنگھ کو اپنے دور اقتدار میں کوئلے کی کانوں کی نیلامی میں بدعنوانی کے معاملے میں ایک عدالت نے ملزم کے طور پر طلب کیا ہے۔کانگریس نے اس معاملے پر مودی حکومت کی خاموشی پر نکتہ چینی کی ہے اور کہا ہے کہ وہ کیس کا پوری طاقت سے مقابلہ کرے گی۔

(جاری ہے)

کانگریس کی صدر سونیا گاندھی نے پارٹی کے صدر دفتر پر پارٹی کی پالیسی ساز کمیٹی کے ارکان کی ایک میٹنگ کی اور اس کے بعد ڈاکٹر منموہن سنگھ سے اتحاد اور یکجہتی کے اظہار کے لیے ان کی رہائش گاہ تک مارچ کیا۔منموہن سنگھ نے کانگریس کے سینیئر رہنماوٴں کا استقبال کرتے ہوئے کہا کہ انہیں پارٹی کے اعلیٰ رہنماوٴں کی اس حمایت سے انتہائی خوشی ہوئی ہے۔’میں بہت خوش ہوں سونیا گاندھی اور سبھی اعلیٰ رہنما اتحاد کے اظہار کے لیے یہاں آئے۔ ہم سبھی کا یہ عزم ہے کہ اس صورتحال کا ہم پوری طاقت سے مقابلہ کریں گے۔‘دہلی کی ایک عدالت نے انہیں کوئلہ کانوں کی نیلامی میں بدعنوانی کے ایک معاملے میں ملزم کے طور پر طلب کیا ہے اور انہیں 8 اپریل کو عدالت کے روبرو پیش ہونے کا حکم دیا ہے۔

متعلقہ عنوان :