حکومت نے گھی و آئل کی قیمتیں کم کرکے عوام کے دل جیت لئے ہیں‘بلال یاسین،

حکومت اس ضمن میں ذخیرہ اندوزوں اور ناجائز منافع خوروں کو معاف نہیں کرے گی‘عوامی وفود سے گفتگو

جمعرات 12 مارچ 2015 23:35

لاہور(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار . 12 مارچ 2015ء ) صوبائی وزیر خوراک و چیئرمین کابینہ پرائس کنٹرول کمیٹی بلال یاسین نے کہا ہے کہ حکومت نے عوام کو ریلیف دینے کے ضمن میں ایک قدم آگے بڑھاتے ہوئے گھی کی قیمتوں میں کمی کرکے عوام کو خصوصی فائدہ پہنچایا ہے جس کا اثر ہر گھرانے پر پڑے گا۔یہاں اپنے دفتر میں عوامی وفود سے گفتگو کرتے ہوئے صوبائی وزیر نے کہا کہ حکومت پنجاب نے گھی اور آئل کی قیمتوں میں ہونے والی کمی کا فائدہ عام لوگوں تک پہنچانے کے لئے اقدامات اٹھانا شروع کردیئے ہیں۔

اس حوالے سے لاہور سمیت تمام اضلاع کے ڈی سی اوز کو ہدایات جاری کی گئی ہیں کہ وہ گھی و آئل کی نئی قیمتوں پر فروخت کو یقینی بنائیں اور ذخیرہ اندوزوں اور منافع خوروں کے خلاف کارروائی کی جائے۔

(جاری ہے)

انہوں نے ضلعی انتظامیہ کو ہدایت کی کہ اتوار بازاروں میں گھی وافر مقدار میں موجود ہو تاکہ لوگوں کو خریداری میں دشواری پیش نہ آئے۔صوبائی وزیر نے کہا کہ حکومت مہنگائی کے خاتمے کا عزم کئے ہوئے ہے اور مہنگائی کے خاتمہ کے لئے ضلعی انتظامیہ کو خصوصی طور پر متحرک کردیا گیا ہے۔

اسی طرح دیگر اشیاء ضروریہ کی قیمتوں کی بھی کڑی نگرانی کی جارہی ہے اور ناجائز منافع خوروں پر قابو پانے کے لئے ضلعی انتظامیہ کی ٹیمیں شب و روز متحرک ہیں۔صوبائی وزیر نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کی حکومت عوام کو ریلیف دینے کے لئے عملی اقدامات کررہی ہے تاکہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کے ثمرات عام آدمی کو ان کی روز مرہ اشیاء ضروریہ کی قیمتوں میں کمی سے حاصل ہوں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت اس ضمن میں ذخیرہ اندوزوں اور ناجائز منافع خوروں کو معاف نہیں کرے گی-انہوں نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ کی ان امور غفلت یا کوتاہی کو کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا۔