ایف بی بلوچستان کا ڈیرہ بگٹی کے علاقے درینجن نالہ ،رستم دربار میں کالعدم تنظیم بی آر اے کے دہشت گردو ں کیخلاف سرچ آپریشن

فائرنگ کے تبادلے میں6دہشت گردہلا ک ،بارود کا ذخیرہ تباہ، ہلاک دہشت گردوں کے قبضے سے بھاری مقدار میں اسلحہ،ایمو نیشن اور دھماکہ خیز مواد برآمدہوا، ترجمان ایف سی

جمعرات 12 مارچ 2015 23:23

کوئٹہ(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار . 12 مارچ 2015ء ) فرنٹیئرکور بلوچستان کا ڈیرہ بگٹی کے علاقے درینجن نالہ اور رستم دربارمیں کالعدم تنظیم بی آر اے کیخلاف سرچ آپریشن ۔سرچ آپریشن کے دوران ایف سی اہلکاروں اور شرپسندو ں کے درمیان شدید فائرنگ کے تبادلے میں کالعدم تنظیم کے 06دہشت گردہلاک اور بارود کا ذخیرہ تباہ۔ہلاک دہشت گردوں کے قبضے سے بھاری مقدار میں آتشی اسلحہ،ایمو نیشن اور دھماکہ خیز مواد برآمد کرلیا گیا۔

تفصیلات کے مطابق فرنٹیئرکور بلوچستان نے علیٰ الصبح خفیہ اطلاع پر ڈیرہ بگٹی کے علاقے درینجن نالہ اور رستم دربارکے نواحی علاقوں میں کالعدم تنظیم بی آر اے کے دہشتگردوں کے خلاف سرچ آپریشن شروع کیا۔دہشت گردوں نے سیکیورٹی اہلکاروں کو دیکھتے ہی فائرنگ شروع کردی۔

(جاری ہے)

نتیجتاً ایف سی اہلکاروں نے بروقت اور جوابی کارروائی کرتے ہو ئے فائر کھول دی ۔

دونوں جانب سے طویل فائرنگ کے نتیجے میں06شرپسند ہلاک ہوئے اوربارود کا وسیع ذخیرہ فائرنگ کی زد میں آکر تباہ ہو گیا۔ہلاک شرپسندو ں کے قبضے سے بھاری مقدار میں آتشی اسلحہ،ایمو نیشن اور دھماکہ خیز مواد بھی برآمدکیا گیا۔واضح رہے کہ مذکورہ شرپسند عرصہ دراز سے سیکیورٹی فورسز پرحملوں،گیس پائپ لائنو ں اوربجلی کے ٹاوروں کو دھماکا خیز مواد سے اُڑانے میں ملوث تھے۔

آئی جی ایف سی میجرجنرل شیر افگن نے فرنٹیئر کور بلوچستان کی کامیاب کا رروائی کو سراہتے ہوئے کہا کہ بیرونی ایجنڈے پر عمل پیرا شدت پسندعناصر اپنے مذموم مقاصدکی تکمیل کیلئے سیکیورٹی فورسز پر حملے اورقو می تنصیبات کو نقصان پہنچا کر بد امنی پھیلانے کی کو شش کر رہے ہیں۔لیکن فرنٹیئر کور بلو چستان سیکیورٹی ایجنسیزاور عوام کی تعاون سے شدت پسندو ں اور دہشت گردوں کا یہ خواب شرمندہ تعبیر نہیں ہو نے دے گی۔ مزید برآں انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ بلوچستان کو پُر امن اور مثالی صوبہ بنانے کیلئے کسی قربانی سے دریغ نہیں کیاجائیگا۔