حیدرآباد،جامعہ سندھ کی سینڈیکیٹ کے اساتذہ کی چار نشستوں پر انتخابات کا انعقاد

جمعرات 12 مارچ 2015 22:39

حیدرآباد(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار . 12 مارچ 2015ء) جامعہ سندھ کی سینڈیکیٹ کے اساتذہ کی چار نشستوں پر انتخابات رجسٹرار غلام محمد بھٹو کی زیر نگرانی منعقد ہوئے، جس میں پروفیسر کی نشست پر ڈاکٹر پرویز احمد پٹھان نے 38 ، ایسوسی ایٹ پروفیسر کی نشست پر ڈاکٹر عرفانہ بیگم ملاح نے 26، اسسٹنٹ پروفیسر کی نشست پر امید علی رند نے 92 اور لیکچرار کی نشست پر مہر علی قاضی نے 100 ووٹ لیکر واضح کامیابی حاصل کرلی۔

کامیاب ہونے والے امیدوارں کا نوٹیفکیشن 16 مارچ کو جاری کیا جائے گا۔ تفصیلات کے مطابق جامعہ سندھ سینڈیکیٹ کی پروفیسر کی نشست پر ڈاکٹر پرویز احمد پٹھان اور ڈاکٹر محمد خان سانگی کے درمیان مقابلہ ہوا، جس میں ڈاکٹر پرویز احمد پٹھان نے 38 ووٹ حاصل کرکے کامیابی حاصل کرلی، ان کے مقابلے میں ڈاکٹر محمد خان سانگی نے 13 ووٹ حاصل کیے۔

(جاری ہے)

ایسوسی ایٹ پروفیسر کی نشست پر ڈاکٹر عرفانہ بیگم ملاح نے 26 ووٹ لیکرکامیابی حاصل کرلی، جبکہ ان کے مخالف امیدوار ڈاکٹر اظہر علی شاہ نے 19 ووٹ حاصل کیے۔

دوسری جانب اسسٹنٹ پروفیسر کی نشست پر امید علی رند نے 92 ووٹ لیکر کامیابی حاصل کی، جبکہ ان کے مقابلے میں ڈاکٹر حیدر علی نظامانی نے 84 وٹ حاصل کیے۔ اسی طرح لیکچرار کی نشست پر تین امیدواروں نے کامیابی کے لیے اپنی قسمت آزمائی، جس میں سے مہر علی قاضی نے 100 ووٹ لیکر برتری حاصل کی، جبکہ ان کے مقابلے میں انتخاب لڑنے والے امیدوار غلام مصطفی تھیبو نے 61 اور عبدالرحمان نانگراج نے 16 ووٹ حاصل کیے۔ سینڈیکیٹ کے اساتذہ کے چار نشستوں پر انتخابات میں کامیاب ہونے والے امیدواروں کے سرکاری طور پر نوٹیفکیشن 16 مارچ پر جاری کیا جائے گا۔

متعلقہ عنوان :