خیبر پختونخوا پولیس دلیری کے ساتھ ساتھ بے پناہ صلاحیتوں سے مالا مال فورس ہے،آئی جی ناصرخان درانی،

فورس کے جوان اللہ کی ذات پاک پر کامل یقین رکھیں اور معاشرے کے دیگر افراد کے لیے رول ماڈل بن کر فرائض سرانجام دیں، معاشرے کے تمام افراد کو بلا تفریق انصاف کی فراہمی کے لیے اپنے تجربے اور صلاحیتوں کو بروئے کار لائیں،صوابی میں پولیس دربارسے خطاب

جمعرات 12 مارچ 2015 20:39

پشاور(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار . 12 مارچ 2015ء) انسپکٹر جنرل آف پولیس خیبر پختونخوا ناصر خان دُرانی نے گذشتہ روز صوابی میں دہشت گردوں کے ساتھ مقابلہ میں حصہ لینے والے پولیس جوانوں کی حوصلہ افزائی کے لیے ضلع صوابی کا دورہ کیا جہاں انہوں نے پولیس دربار کے شرکاء اور تنازعات کے حل کے لیے قائم کونسل کے ارکان سے خطاب کیا۔ اس موقع پر ڈی آئی جی مردان محمد سعید وزیو، ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر محمد سجاد خان اور دیگر اعلیٰ افسران بھی موجود تھے۔

پولیس دربارمیں گذشتہ روز مقابلہ میں حصہ لینے والے بالخصوص زخمی افسروں و اہلکاروں اور ضلع صوابی کے ہر رینک کے افسروں و جوانوں نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔ پولیس دربار سے خطاب کرتے ہوئے آئی جی پی نے کہا کہ صوابی پولیس نے گذشتہ روز دہشت گردوں کے ساتھ جو طویل مقابلہ کیا وہ پولیس کی تاریخ میں ہمیشہ یاد رکھا جائیگا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ خیبر پختونخوا پولیس دلیری کے ساتھ ساتھ بے پناہ صلاحیتوں سے مالا مال فورس ہے۔

انہوں نے پولیس فورس کے ہر ایک جوان کو ہیرے سے مشابہت دیتے ہوئے کہا کہ ہمارے جوانوں کا بہادری، دلیری اور حاضر دماغی میں کوئی ثانی اور نعم البدل نہیں۔ انہوں نے کہا کہ انہیں عوام کی جانب سے خیبر پختونخوا پولیس کے بہترین کارکردگی اور فرض شناسی کے بارے میں اچھے پیغامات مل رہے ہیں۔ اور وہ اپنے بیٹوں کی کامیابیوں پر خوشی کی طرح فورس کی جوانوں کی کامیابی پر بھی بے حد خوش ہوتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پولیس کی ڈیوٹی عین عبادت ہے اور جوانوں پر زور دیا کہ وہ اپنے خالص خون میں حرام کی کمائی کو شامل نہ کریں ۔ اللہ کی ذات پاک پر کامل یقین رکھیں اور معاشرے کے دیگر افراد کے لیے رول ماڈل بن کر فرائض سرانجام دیں۔ آئی جی پی نے دہشت گردی کے خلاف کاؤنٹرٹیرارزم ڈیپارٹمنٹ کی بہترین نمایاں کردار کی بھی تعریف کی اورکہا کہ پچھلے ڈھائی مہینے میں دہشت گردی کے 34 واقعات رونما ہوئے جبکہ پچھلے سال اسی مدت میں 150واقعات ہوئے تھے اور اس کو مزید بہتر بنایا جائیگا۔

آئی جی پی زخمی پولیس افسروں و جوانوں سے گلے ملے اور اُنکا حوصلہ بڑھاتے ہوئے ان کی دلیری اور بہادری پر اُن کو شاباش دی اور اُنکے لیے دو لاکھ روپے نقد انعام کا اعلان بھی کیا۔تنازعات کے حل کے کونسل کے ارکان سے خطاب کرتے ہوئے آئی جی پی نے کہا کہ ہمارے جرگہ کے تصور کو باہر کے ممالک اپنا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کوئی بھی معاشرے انصاف کے بغیر دیر تک قائم نہیں رہ سکتا اور کونسل کے ارکان کوتاکید کی کہ وہ معاشرے کے تمام افراد کو بلا تفریق انصاف کی فراہمی کے لیے اپنے تجربے اور صلاحیتوں کو بروئے کار لائیں۔

انہوں نے کہا کہ پولیس عام آدمی کے لیے ہیں اور پولیس بلا تفریق معاشرے کے تمام افراد کی خدمت جاری رکھے گی۔آئی جی پی نے صوابی پولیس ٹریننگ سنٹر کا بھی دورہ کیا وہ سکول کے مختلف حصوں میں گئے اور پولیس حکام کو ضروری ہدایات جاری کیں۔ بعد ازان آئی جی پی نے سکول کے احاطے میں ایروکیریا کا پودا بھی لگایا۔

متعلقہ عنوان :