میاں رضا ربانی کی پارلیمانی جدوجہد کی تایخ شاندار رہی ،سینیٹر عثمان خان کاکڑ،

سینیٹ ملک کے فیڈریشن میں شامل قومی وحدتوں کی برابری کی علامت ، اختیارات کو قومی اسمبلی کے برابر لانے کے لئے جدوجہد کرنی ہوگی ، رہنما پشتونخوامیپ

جمعرات 12 مارچ 2015 19:45

اسلام آباد ( اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار . 12 مارچ 2015ء) سینیٹ میں میاں رضا ربانی کے بلا مقابلہ سینیٹ چےئرمین منتخب ہونے کے موقع پر پشتونخوامیپ کے پارلیمانی لیڈر کی حیثیت سے خطاب کرتے ہوئے پارٹی کے مرکزی سیکرٹری صوبائی صدر سینیٹر عثمان خان کاکڑ نے پشتونخوامیپ کے چےئرمین اور پارٹی کی نمائندگی سے مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ میاں رضا ربانی کی پارلیمانی جدوجہد کی تاریخ نہایت شاندار رہی ہے وہ ہمارے ملک کے پارلیمانی جدوجہد کے مایہ ناز نمائندوں میں سے ایک ہے وہ ایک ایسے وقت میں چےئرمین سینیٹ منتخب ہوئے کہ ان کو اس ملک کے اقوام وعوام کے حقوق واختیارات کیلئے بہت کچھ کرنا ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ سینیٹ اس ملک کے فیڈریشن میں شامل قومی وحدتوں کی برابری کی علامت ہے لیکن بدقسمتی یہ ہے کہ سینیٹ کو ایوان بالا ہونے کے باوجود قومی اسمبلی کے برابر اختیارات حاصل نہیں ۔

(جاری ہے)

سینیٹ کو وزیراعظم منتخب کرنے اور اس پر عدم اعتماد کرنے اور بجٹ منظور کرنے کا اختیار حاصل نہیں ہمیں سینٹ کے اختیارات کو قومی اسمبلی کے برابر لانے کے لئے جدوجہد کرنی ہوگی ۔

انہوں نے کہا کہ اس ملک کے قوموں اور عوام کو اٹھارویں ترمیم کے بعد جو حقوق واختیارات ملے وہ بھی ایک حقیقی فیڈریشن سے کم ہے ۔ ہم نے اس ملک کے قوموں کی فطری صوبوں کی تشکیل بالخصوص پشتون قومی وحدت کیلئے فیصلے کرنے ہونگے کیونکہ قوموں کی حقیقی برابری اورا ن کے قدرتی وسائل پر ان کا مکمل حق تسلیم کےئے بغیر فیڈریشن جمہوری نہیں بن سکتا ۔ انہوں نے کہا کہ پشتون ،بلوچ ،سندھی ،سرائیکی ،پنجابی زبانوں کو قومی زبانوں کا درجہ دلانا ہوگا اور خارجہ وداخلہ پالیسیوں کی تشکیل میں قوموں کو مساوی نمائندگی کا حق دینا ہوگااور آزاد جمہوری افغانستان میں ہر قسم کی مداخلت کا مکمل خاتمہ کرنا ہوگا کیونکہ ہمارے ملک میں جاری دہشتگردی کا خاتمہ اس وقت تک نہیں ہوسکتا جب تک ہم افغانستان میں مداخلت کا خاتمہ نہیں کرتے ۔

انہوں نے کہا کہ فوج اور جاسوسی اداروں کا سیاست میں کوئی رول نہ ہو ۔میاں رضا ربانی کی قیادت میں سینیٹ کے اراکین کو پارلیمنٹ کی بالادستی آئین وقانون کی حکمرانی کو یقینی بنانے کیلئے رول ادا کرنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ وفاق پشتونخوا صوبے اور بلوچستان کا مقروض ہے میاں رضا ربانی کو ان صوبوں کو اپنے وسائل کا حق دلانا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ کاشغر گوادر اکنامک کوری ڈور کو اپنے اصل روٹ ،گوادر کوئٹہ ژوب ڈیرہ اسماعیل خان پر بنانا ہوگا ۔

ہمیں بجاء طور پر امید ہے کہ سینیٹ کے چےئرمین رضا ربانی کو کاشغر گوادر اکنامک کوریڈور کو اپنے اصل روٹ پر لانے اور قوموں کو سیاسی ،معاشی ،ثقافتی ،مالیاتی حقوق دلانے میں رول ادا کرنا ہوگا۔پارٹی بیان میں مولانا غفور حیدر ی کوسینیٹ کے ڈپٹی چےئرمین منتخب ہونے پر مبارکباد پیش کی گئی ہے ۔