ٹنڈو الہ یار، ایم کیوایم کے دفاتر سے غیر ملکی اسلحے کی برآمدگی کے ڈرامے پہلے بھی بری طرح ناکام ہو چکے ہیں،نوید قائم خانی

جمعرات 12 مارچ 2015 17:40

ٹنڈو الہ یار(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔12مارچ۔2015ء) ایم کیوایم کے مرکز 90پر غیر قانونی چھاپے کے دوران رینجرز اہلکاروں کی فائرنگ سے شہید ہونے والے شعبہ اطلاعات کے رکن سید وقاص علی شاہ کی غائبانہ نماز جنازہ متحدہ قومی موومنٹ ٹنڈو الہ یار زون کے زیر اہتمام قلعہ چوک کے مقام پر ادا کی گئی ۔ اس موقع پر زونل انچارج نوید قائم خانی و اراکین زونل کمیٹی ، یونٹ ذمہ داران اور کارکنان کی بڑی تعداد موجود تھے۔

غائبانہ نماز جنازہ کے بعد شہید وقاص علی شاہ سمیت تمام حق پرست شہداء کے ایصال ثواب اور درجات کی بلندی کے لئے دعا کی گئی ۔ اس موقع پر زونل انچارج نوید قائم خانی نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ایم کیوایم کے مرکز 90پر رینجرز کی جانب سے کی گئی چڑھائی آئین و قانون کی دھجیاں اڑانے کے مترادف ہے ۔

(جاری ہے)

متحدہ قومی موومنٹ کو ختم کرنے کے لئے ماضی میں بھی اس قسم کے اقدامات کئے گئے لیکن عوام کے دلوں سے قائد تحریک الطاف حسین کی محبت کو ختم نہیں کیا جاسکا ۔

انہوں نے کہا کہ رینجرز نے اپنی کاروائی کے دوران جس طریقے سے چادر اور چار دیواری کا تقدس پامال کیا ہے ۔ اس سے ایسا گمان ہوتا ہے کہ 90اور اطراف کا علاقہ کسی دوسرے ملک سے تعلق رکھنے والا مفتوحہ علاقہ ہو۔ اور اس علاقے کو فتح کر کے رینجرز نے بہت بڑا کارنامہ انجام دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایم کیوایم کے دفاتر سے غیر ملکی اسلحے کی برآمدگی کے ڈرامے پہلے بھی بری طرح ناکام ہو چکے ہیں۔

رینجرز کے تازہ ترین دعوے بھی ماضی کی طرح ناکامی سے دوچار ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ رینجرز اہلکاروں کی بدحواسی کا یہ عالم ہے کہ انہوں نے اپنی کاروائی کے دوران قائد تحریک الطاف حسین کی بڑی بہن سائرہ اسلم باجی کے گھر کو بھی نہیں بخشا اور اس موقع پر جس کی قسم کی زبان کا استعمال کیا گیا وہ نہ صرف انتہائی قابل مذمت بلکہ عوام کے دلوں میں قانون نافذ کرنے والے اداروں کے لئے منفی جذبات ابھارنے کے مترادف ہے۔

انہوں نے کہا کہ اپنی شرمناک کاروائی کے دوران رینجرز اہلکاروں نے جس دیدہ دلیری کے ساتھ سید وقاص علی شاہ نامی نوجوان طالبعلم کو اپنی گولی کا نشانہ بنایا اس عمل پر انہیں بہادری کے اعلیٰ ترین اعزاز سے نوازے جانے کی ضرورت ہے۔ طالبان دہشت گردوں، گینگ وار کے مسلح جتھوں اور کالعدم تنظیموں کے قاتلوں کا سامنا کرتے وقت کپکپاتی ٹانگوں کے ساتھ مختلف کونوں میں چھپنے والے رینجرز اہلکاروں نے نظریاتی طور پر مسلح ایک نہتے نوجوان پر گولیاں برسا کرثابت کر دیا ہے کہ وہ کتنے بزدل ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اس قسم کی بزدلانہ کاروائیاں عوام کے دلوں سے ایم کیوایم کی محبت کو ختم کرنے کے بجائے اس تعلق کو مزید مستحکم کرنے کا سبب بنیں گی ۔اور ایم کیوایم کے خلاف سازشیں کرنے والوں کو ہمیشہ کی طرح منہ کی کھانی پڑیگی ۔

متعلقہ عنوان :