ایبٹ آباد،کینٹ بورڈ کی بلڈنگ کمیٹی کا اجلاس تیسرے روز بھی منسوخ

نقشہ نویس فیصل بطور احتجاج مستعفی

جمعرات 12 مارچ 2015 17:03

ایبٹ آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔12مارچ۔2015ء) کینٹ بورڈ کی بلڈنگ کمیٹی کا اجلاس تیسرے روز بھی منسوخ۔ نقشہ نویس فیصل بطور احتجاج مستعفی۔ اس ضمن میں ذرائع نے بتایا کہ کینٹ بورڈ کی جانب سے بغیرنقشوں کی منظوری کے تعمیرات کرنیوالے والے شہریوں کیلئے پیکیج کا اعلان کیاگیا۔ جس میں اٹھائیس فروری تک کی مہلت دیتے ہوئے بغیرجرمانوں کے نقشوں کی منظوری کا وعدہ کیاگیا تھا۔

مذکورہ اعلان چوہے اوربلی والا کھیل ثابت ہوا۔ جب سینکڑوں شہریوں کے نقشے کینٹ بورڈ میں جمع ہوگئے تو ایگزیکٹو آفیسر عمرفاروق ملک سمیت کینٹ بورڈ پر قابض کرپٹ مافیا کی نیت میں فتور آگیا۔ اور انہوں نے لوگوں کو بھاری جرمانوں کے نوٹس جاری کرنا شروع کردیئے۔ اس ضمن میں ذرائع نے بتایا کہ بغیرمنظوری کے تعمیرات کرنیوالے افراد کے نقشوں کو پاس کرنے کیلئے کینٹ بورڈ کی بلڈنگ کمیٹی کا پہلا اجلاس دس مارچ کو منعقد ہوا۔

(جاری ہے)

مذکورہ اجلاس کے دوران کینٹ بورڈ کے ایگزیکٹو آفیسر عمرفاروق ملک نے حسب معمول پینترابدلتے ہوئے کہا کہ ہم نے پورے پورے گھرتعمیر کرنیوالے افراد کیلئے پیکیج کا اعلان نہیں کیا تھا۔ بلکہ یہ پیکیج صرف معمولی نوعیت کی تبدیلیاں کرنیوالے شہریوں کیلئے تھا۔ اور جن لوگوں نے پورے پورے گھر بغیرنقشوں کے تعمیر کئے ہیں۔ ان پر ہر صورت میں جرمانے عائد کئے جائیں گے۔

کینٹ بورڈ کے ایگزیکٹو آفیسر کی وعدہ خلافی کیخلاف اسسمنٹ کمیٹی کے چیئرمین آفتاب جمال بنگش نے احتجاج کرتے ہوئے بلڈنگ کمیٹی کے اجلاس سے واک آؤٹ کردیا۔ اور اس کے ساتھ ہی انہوں نے سٹیشن کمانڈر کو ایگزیکٹو آفیسر کی وعدہ خلافی کی بابت تحریری چھٹی ارسال کردی۔ کینٹ بورڈ کے ایگزیکٹو آفیسر نے بدھ کے روز بلڈنگ کمیٹی کا اجلاس دوبارہ بلایا۔

جس میں بوٹ پالش کرنیوالے اراکین کو مدعو کیاگیا۔ لیکن یہ اجلاس بھی دیگر اراکین کی عدم حاضری کے باعث ملتوی کرنا پڑا۔ اس ضمن میں ذرائع نے مزید بتایا کہ بلڈنگ کمیٹی کا تیسرااجلاس جمعرات کے روز بلایاگیا۔ لیکن صرف ایک ہی ممبرشرکت کیلئے۔ باقی تمام ممبران بطور احتجاج اس اجلاس میں شریک نہیں ہوئے۔ جس کی وجہ سے یہ اجلاس بھی ملتوی کرنا پڑا۔ ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ بلڈنگ کمیٹی کے رکن نقشہ نویس فیصل نے بطور احتجاج ایگزیکٹو آفیسر کی وعدہ خلافیوں پراپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیا ہے۔

متعلقہ عنوان :