دیر پا قومی ترقی کے لئے جمہوری اقدار کا فروغ ناگزیر ہے

مسائل کے خاتمے کے لئے عوامی خدمت کو ذاتی مفادات پر ترجیح دینا ہو گی۔ ضیاء اللہ

جمعرات 12 مارچ 2015 16:41

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔12مارچ۔2015ء)خیبر پختونخواکے وزیر برائے معدنی ترقی اور پشاور میگا پراجیکٹس کے فوکل پرسن ضیاء اللہ آفریدی نے کہا ہے کہ حکومتی اقدامات و منصوبہ جات کا اولین مقصد عوامی مشکلات کا ازالہ اور انہیں سہولیات فراہم کر نا ہے جو نا صرف جمہوریت کا حسن بلکہ اُس کا بنیادی تقاضا بھی ہے لہٰذا حکومتی اقدامات کو مقصد سے ہم آہنگ کرنے اور اُنہیں نتیجہ خیز بنانے کے لئے تمام محکمہ جات ، متعلقہ افراد اور شہریوں کو دیانتداری کے ساتھ اپنا کردار ادا کرنا ہو گا ۔

ان خیالات کا اظہار اُنہوں نے جمعرات کے روز ہشتنگری پل جی ٹی روڈ پشاور کا افتتاح کرنے کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ ضیاء اللہ آفریدی نے صوبائی حکومت کی کارکردگی اور اس کے عزائم پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ جمہوریت اور عوام لازم ملزوم ہے یہی وجہ ہے کہ عوامی خدمت کے جذبے سے سرشار تحریک انصاف صوبائی وسائل کو عوام کی فلاح وبہبود میں استعمال کر رہی ہے ۔

(جاری ہے)

اُنہوں نے مزید کہا کہ پشاور میں جاری پر اجیکٹس کی تکمیل سے عوام کو خاطر خواہ ریلیف ملے گا ۔ جی ٹی روڈ پشاور پر آمد رفت کے نظام کو بہتر بنانے کے لئے تاریخی اقدامات کئے جا رہے ہیں اس سلسلے میں فلائی اورز اور چھوٹے پلوں کی تعمیر سے آمد ورفت میں روانی آئے گی تاہم حکومت کے ان اقدمات کو صحیح معنوں میں نتیجہ خیز بنانے کے لئے عوام الناس کو چاہیے کہ وہ ٹریفک پولیس کے ساتھ بھرپور تعاون کریں