Live Updates

تحریک انصاف پارلیمنٹ میں آئے ،ملک کو بہتر بنانے کیلئے ہمارے ساتھ مل کر کام کرے،رحمن ملک

جمعرات 12 مارچ 2015 13:24

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔12مارچ۔2015ء) پیپلزپارٹی کے سینیٹر رحمن ملک نے کہا ہے کہ عمران خان سمیت تحریک انصاف کے تمام ارکان کو یہ کہوں گا کہ وہ پارلیمنٹ میں آئیں اور ملک کو بہتر بنانے کیلئے ہمارے ساتھ مل کر کام کریں‘ تحریک انصاف نے سینٹ انتخابات میں جس طرح ہمارا ساتھ دیا ویسے ہی اب پارلیمنٹ میں آئیں اور دہشت گردی سمیت تمام مسائل کے حل کیلئے مل کر کام کریں۔

جمعرات کو پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا تمام سینیٹر اس بات پر متفق ہیں وزیراعظم کا چناؤ بھی سینیٹ اور قومی اسمبلی کے ارکان کے ذریعے ہونا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ میں اب دوبارہ منتخب ہونے کے بعد مدرسہ ریفارمز کو لانے کیلئے بل منظور کروانا چاہوں گا تاکہ جو بچے مدرسوں میں پڑھ رہے ہیں وہ احساس کمتری کا شکار نہ ہوں۔

(جاری ہے)

ان کو بھی عام تعلیم کی طرح اچھا مقام ملنا چاہئے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ایوان بالا کا جو تقدس عالمی سطح پر ہے ویسا پاکستان میں نہیں ہے۔ سینٹ کے تمام ارکان سمجھدار اور باشعور ہیں‘ امید ہے کہ وہ جمہوریت کا تسلسل آگے بڑھائیں گے۔ اس وقت ملک میں سب سے بڑا مسئلہ دہشت گردی کا ہے۔ حکومت اور آرمی مل کر امن کیلئے کام کررہی ہے۔انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف نے سینٹ انتخابات میں جس طرح ہمارا ساتھ دیا ویسے ہی اب پارلیمنٹ میں آئیں اور دہشت گردی سمیت تمام مسائل کے حل کیلئے مل کر کام کریں۔

Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات