ایوان بالا کے 44 نئے اراکین نے حلف اٹھالیا‘ پریزائیڈنگ آفیسر اسحق ڈار نے حلف لیا

جمعرات 12 مارچ 2015 13:06

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔12مارچ۔2015ء) ایوان بالا کے نئے منتخب اراکین نے حلف اٹھالیا‘ وزیر خزانہ اسحق ڈار نے بطور پریزائیڈنگ آفیسر نومنتخب سینیٹرز سے حلف لیا‘ جمعرات کے روز پریزائیڈنگ آفیسر اسحق ڈار کی زیر صدارت سینٹ کا اجلاس منعقد ہوا جس میں سینٹ انتخاب میں منتخب ہونے والے 48 میں سے 44 ارکان نے حلف لیا۔ وزیر خزانہ اسحق ڈار نے ان سے حلف لیا۔

(جاری ہے)

واضح رہے کہ سینٹ کی 52 نشستوں پر الیکشن ہوئے تھے جن میں سے 48 اراکین بطور ممبر سینٹ منتخب ہوئے جبکہ فاٹا کی 4 نشستوں پر صدارتی آرڈیننس کے باعث الیکشن ملتوی ہوگئے تھے۔ جمعرات کے روز 48 ممبران میں سے 44 ممبران نے حلف لیا جبکہ 3 ممبران اجلاس میں شرکت نہ کرسکے۔ اس کے علاوہ مسلم لیگ (ن) نومنتخب سینیٹر راحیلہ مگسی کی تقرری عدالت میں چیلنج ہونے کی وجہ سے وہ بھی حلف نہ اٹھاسکیں تاہم راحیلہ مگسی کو الیکشن کمیشن کی جانب سے چیئرمین سینٹ اور ڈپٹی چیئرمین کے انتخاب میں ووٹ دینے کی غیر مشروط اجازت دے رکھی ہے۔