عدلیہ تمام تر دباؤ سے بالاتر ہوکر فیصلے کررہی ہے، جسٹس محمد نور مسکانزئی،

بینچ اور بار کے خوشگوار تعلقات سے انصاف کے تمام تقاضے پورے ہوسکتے ہیں، چیف جسٹس بلوچستان ہائیکورٹ

بدھ 11 مارچ 2015 22:38

کوئٹہ ( ردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔11مارچ 2015ء ) عدلیہ تمام تر دباؤ سے بالاتر ہوکر فیصلے کررہی ہے۔عدالتوں نے عوام کو انصاف فراہم کرنے میں کلیدی کردار ادا کیا ہے۔ ملک میں عدلیہ پر عوام کا اعتماد روز بروز بڑھتا جارہا ہے، عوام اپنے مسائل کے حل کے لئے عدالتوں سے رجوع کررہے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار چیف جسٹس بلوچستان ہائیکورٹ جسٹس محمد نور مسکانزئی نے بلوچستان ہائی کورٹ کے زیراہتمام موسم سرما کی تعطیلات کے بعد نئے عدالتی سال کے افتتاح کے موقع پر کیا۔

تقریب سے بلوچستان بار ایسوسی ایشن کے صدر بلال احمد کاسی، جنرل سیکرٹری بلوچستان بار ایسوسی ایشن ثناء اللہ، سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن کے نائب صدر سید اقبال شاہ، وائس چیئرمین بلوچستان بار کونسل محمد شریف ایڈووکیٹ، سینئر ایڈووکیٹ ایاز ظہور، پراسیکیوٹر جنرل بلوچستان طارق محمود بٹ، ایڈووکیٹ جنرل بلوچستان ناظم الدین، ڈپٹی اٹارنی جنرل بلوچستان شیرشاہ کاسی اور رجسٹرار بلوچستان ہائی کورٹ نذیراحمد لانگو نے بھی خطاب کیا۔

(جاری ہے)

تقریب میں بلوچستان ہائی کورٹ کے ججزجسٹس طاہرہ صفدر، جسٹس جمال مندوخیل، جسٹس محمد ہاشم کاکڑ، جسٹس اعجاز سواتی، جسٹس شکیل بلوچ، جسٹس کامران ملاخیل اور جسٹس نعیم اختر نے بھی شرکت کی۔ تقریب سے چیف جسٹس بلوچستان جسٹس محمد نور مسکانزئی نے نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ انصاف کی بروقت فراہمی سے جرائم پیشہ افراد کی حوصلہ شکنی ہوتی ہے۔ قانون کی عملداری کے قیام میں بلوچستان ہائی کورٹ نے جرأت مندانہ کردار ادا کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ بینچ اور بار کے خوشگوار تعلقات سے انصاف کے تمام تقاضے پورے ہوسکتے ہیں۔ عدلیہ نامساعد حالات کے باوجودہمیشہ عوام کو انصاف کی فراہمی کے لئے ناقابل فراموش کردار ادا کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے اپنے مستقبل کو سنوارنا ہے اگر ہمیں امن وسکون کی زندگی گزارنی ہے تو پھر ہمیں قانون کا احترام کرنا ہوگا۔ جس معاشرے میں قانون نہ ہو وہ معاشرہ نہ تو ترقی کرسکتا ہے اور نہ ہی اسے امن وراحت میسر آسکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ قانون کا احترام اصلاح معاشرہ اور قیام عدل وانصاف کی راہیں ہموار کرتا ہے علاوہ ازیں چیف جسٹس ہائیکورٹ نورمحمد مسکانزئی نے بلوچستان ہائی کورٹ کی نیورسپانسو ( New Responsive) ویب سائٹ کا بھی افتتاح کیا۔

متعلقہ عنوان :