ترقیاتی منصوبوں کو معیاری بنانے کیلئے منصوبوں کی کڑی نگرانی کی جارہی ہے ، عبدالناصر دوتانی ،

شاہرگ میں دفتروں کی تعمیر کیلئے حکومت نے کروڑوں روپوں کے فنڈز منظور کئے ، جلد ترقیاتی منصوبوں پر کام کا آغاز ہوجائے گا ، ڈپٹی کمشنر

بدھ 11 مارچ 2015 22:34

کوئٹہ ( ردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔11مارچ 2015ء )ڈپٹی کمشنر عبدالناصر دوتانی نے کہا کہ ضلع ہرنائی میں جاری ترقیاتی منصوبوں کی تکمیل سے ضلع ہرنائی کے عوام کے بنیادی مسائل میں کمی ہوگی پریس کلب ہرنائی کی بلڈنگ کی تیاری اور فعال ہونے سے مقامی صحافیوں کو درپیش مشکلات کا خاتمہ ہوگا ان خیالات کا اظہار انہوں نے پریس کلب ہرنائی کے تعمیراتی کام کا معائنہ کرنے کے موقع پر بات چیت کرتے ہوئے کیا انکے ہمراہ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر محمد رمضان قیصرانی ، ایکسین بی اینڈآر صنم زیب کاکڑ ، سب انجینئر محمد خان جتک بھی تھے پریس کلب کے صدر محمد حنیف ترین جنرل سیکرٹری غلام یزدانی ترین نے ڈپٹی کمشنر اور ایکسین کو بریفنگ دی ڈپٹی کمشنر نے بات چیت کرتے ہوئے کہاکہ ترقیاتی منصوبوں کو معیاری بنانے کیلئے منصوبوں کی کڑی نگرانی کی جارہی ہے ،ناقص اور غیر معیاری منصوبوں کی تعمیر کی کسی صورت اجازت نہیں دیں گے۔

(جاری ہے)

پریس کلب کے تعمیراتی کام پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ وزیراعلیٰ بلوچستان نے مقامی صحافیوں کی مشکلات کو مد نظر رکھ کر اپنے صوابدی فنڈز سے پریس کلب کیلئے دس لاکھ روپے دینے کے اعلان کے بعد اسے عملی جامہ پہنا کر فوری طور پر فنڈز فراہم کردیئے۔ انہوں نے کہا کہ مقامی صحافیوں نے وسائل نہ ہونے کے باوجود بھی ضلع ہرنائی کے عوام کے بنیادی مسائل کو پرنٹ اور الیکٹرک میڈیا پر اجاگر کیا ہے اور ضلع ہرنائی کے مقامی صحافیوں نے ہر وقت مثبت رپورٹنگ کی ہے انہوں نے کہاکہ مقامی صحافیوں کے مسائل حل کرنے کیلئے ضلعی انتظامیہ وسائل میں رہتے ہوئے کوشش کرے گی۔

انہوں نے کہاکہ ضلع ہرنائی میں ضلعی دفتروں ، سرکاری آفیسران کی رہائشگاہوں اور تحصیل شاہرگ میں دفتروں کی تعمیر کیلئے حکومت نے کروڑوں روپوں کے فنڈز منظور کئے اور ان کا ٹینڈر بھی ہوچکا ہے جلد تمام ترقیاتی منصوبوں پر کام کا آغاز ہوجائے گا انہوں نے کہاکہ ضلع میں جاری ترقیاتی منصوبوں کو معیاری بنانے کیلئے ضلعی انتظامیہ اور متعلقہ محکمے منصوبوں کی کڑی نگرانی کریں گے اور کسی بھی ترقیاتی منصوبے میں ناقص میٹریل استعمال کرنے کی اجازت نہیں ہوگی بلکہ غیر معیاری اور ناقص میٹریل استعمال کرنے والے کنٹریکٹرز اور متعلقہ محکمہ کے آفیسران کے خلاف محکمانہ کارروائی کی جائے گی۔