پاکستان اورآذربائیجان کے صدورکے درمیان بات چیت اورمعاہدوں کے بعدمشترکہ اعلامیہ جاری،

صدر ممنون حسین کا دورہ آذربائیجان تاریخ ساز ہے، دونوں ملکوں کے درمیان اسٹریٹیجک پارٹنر شپ کو ایک نئی جہت ملی ہے، دونوں ملکوں باہمی اعتماد اور برابری کی بنیاد پر اپنی دوستی کو مزید فروغ دیں گے، معیشت ، توانائی، سیکورٹی، تجارت، سرمایہ کاری، سیاحت، ٹرانسپورٹ، سائنس و ٹیکنالوجی، ماحولیات، اطلاعات، نوجوانوں کے امور اور کھیل کے شعبوں میں تعاون کو مزید وسعت دیں گے، پاکستان اورآذربائیجان نے تیل و گیس کے شعبے میں تعاون کا فیصلہ کیا ہے ،دونوں ملکوں کی کمپنیوں کے درمیان تعاون کے امکانات تلاش کیے جائیں گے،اعلامیہ

بدھ 11 مارچ 2015 22:24

باکو(ردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔11مارچ 2015ء) صدر مملکت ممنون حسین اور آذربائیجان کے صدر الہام علیوف کے درمیان بات چیت اور مختلف معاہدوں پر دستخط کے بعد دونوں ممالک نے مشرکہ اعلامیہ جاری کر دیا ہے۔ جس پر دنوں صدورنے دستخط کیے ہیں۔مشترکہ اعلامیہ میں صدر مملکت ممنون حسین کے دورہ آذربائیجان کو تاریخ ساز قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس سے دونوں ملکوں کے درمیان اسٹریٹیجک پارٹنر شپ کو ایک نئی جہت ملی ہے۔

اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ دونوں ملکوں باہمی اعتماد اور برابری کی بنیاد پر اپنی دوستی کو مزید فروغ دیں گے اور معیشت ، توانائی، سیکورٹی، تجارت، سرمایہ کاری، سیاحت، ٹرانسپورٹ، سائنس و ٹیکنالوجی، ماحولیات، اطلاعات، نوجوانوں کے امور اور کھیل کے شعبوں میں تعاون کو مزید وسعت دیں گے۔

(جاری ہے)

اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ دونوں ملک انسانی حقوق کے شعبے میں بھی تعاون کریں گے اور دونوں ملکوں کی سول سوسائٹی کے درمیان رابطوں کو یقینی بنایا جائے گا۔

اعلامیہ میں کشمیر اور نکونوکاراباخ کے مسائل کے جلد حل کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا گیا ہے کہ ان مسائل کے حل سے دونوں خطوں میں امن و استحکام یقینی ہوجائے گا۔ اعلامیہ میں دونوں ملکوں نے عالمی دہشتگردی، پرتشدد انتہاپسندی، علیحدگی پسندی، منظم جرائم، ممنوعہ اشیاء خاص طور پر منشیات، اسلحہ اور انسانی سمگلنگ کی پیداوا ر ، نقل و حرکت اور سمگلنگ میں تعاون کا اعادہ کیا۔

دونوں ملکوں نے ثقافتی و تاریخی ورثے کے خلاف جرائم ، منی لانڈرنگ کی مذمت کرتے ہوئے ان معاملات پر عالمی قوانین کے مطابق تعاون پر زور دیا۔ اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ پاکستان اورآذربائیجان نے تیل و گیس کے شعبے میں تعاون کا فیصلہ کیا ہے اور دونوں ملک باہمی مفاد میں ان شعبوں میں اپنے تعاون کو مزید وسعت دیں گے اور اس سلسلے میں دونوں ملکوں کی کمپنیوں کے درمیان تعاون کے امکانات تلاش کیے جائیں گے۔

اعلامیہ میں دونوں ملکوں کے پارلیمینٹیرینز کے دوروں کی حوصلہ افزائی کرتے ہوئے کہا کہ اس سے دونوں ملکوں کے درمیان تعلقات کو فروغ ملے گا۔ انھیں عوامی سطح تک گہرائی حاصل ہوجائے گی۔ دونوں ملکوں نے ثقافت اور تعلیم کے شعبوں میں مزید تعاون ظاہر کیا۔ اعلامیہ پر صدر پاکستان ممنون حسین اور صدر آذربائیاجان الہام علیوف نے دستخط کیے ہیں۔