امریکی سفیر کی تیسری پاک امریکہ بزنس اپرچونٹیز کانفرنس میں شرکت،

پاکستان ، امریکہ اور پورے خطے میں امن، خوشحالی اور استحکام کیلئے اپنے مشترکہ اہداف کو فروغ دے رہے ہیں، پاکستان کے ساتھ مضبوط کاروباری تعلقات کیلئے سنجیدہ ہیں،رچرڈ اولسن

بدھ 11 مارچ 2015 18:46

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔11مارچ 2015ء ) پاکستان میں امریکی سفیر رچرڈ اولسن نے وزیر تجارت خرم دستگیر اور سیکرٹری تجارت شہزاد ارباب کے ہمراہ تیسری پاک۔ امریکہ بزنس اپرچونٹیز کانفرنس میں شرکت کی۔ امریکی وزیر تجارت پینی پرٹذکر نے امریکی وفد کی قیادت کی اور گزشتہ روز اس کانفرنس کا افتتاح کیا۔امریکی سفیر نے اپنے خطاب میں کہا کہ آج اگرچہ کانفرنس کا اختتام ہو رہا ہے توقع ہے کہ یہ دونوں ممالک کے درمیان نئے کاروباری تعلقات، پیشہ وارانہ تعاون اور سرمایہ کاری کا آغازثابت ہو گی۔

انہوں نے کہا کہ میری خواہش ہے کہ آپ نے جن روابط کی بنیاد رکھی ہے وہ اسی طرح ترقی کرتے رہیں انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ ہم پاکستان ، امریکہ اوراس پورے خطے میں امن، خوشحالی اور استحکام کیلئے اپنے مشترکہ اہداف کو فروغ دے رہے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ہم حکومت پاکستان اور آپ تمام افراد کیساتھ مل کر پاکستان کی حقیقی معاشی صلاحیت کے حصول کو یقینی بنائیں گے۔

امریکی سفیر نیکہا کہ امریکی وزیر تجارت پینی پرٹذکر کی موجودگی اس امریکی عزم کی دلیل ہے کہ امریکہ پاکستان کے ساتھ مضبوط کاروباری تعلقات کیلئے سنجیدہ ہے۔ کانفرنس کے300 سے زائد شرکاء نے پاکستان میں سرمایہ کاری اور مالیاتی مواقع سے متعلق مختلف نشستوں میں شرکت کی۔ کانفرنس میں امریکی اور پاکستانی کمپنیوں نے پاکستان میں کاروباری ماحول سے متعلق کوائف فراہم کئے۔

کانفرنس میں امریکہ اور پاکستان کے مختلف شعبوں بشمول، ٹیکسٹائل، زراعت،انفارمیشن اور کمیونیکیشن ٹیکنالوجی (آئی سی ٹی)، صحت عامہ، توانائی اور بنیادی ڈھانچے سے تعلق رکھنے والی کمپنیوں کے نمائندوں نے شرکت کی۔ کانفرنس میں خواتین تاجروں سے متعلق گول میز مباحثے کا بھی اہتمام کیا گیا تھا، جس میں خواتین کی زیادہ سے زیادہ کاروبار میں شرکت کی اہمیت کواجاگر کیا گیا۔