پاکستا نی چارٹرڈ اکاوٴنٹنٹس دنیا بھر میں اپنی پیشہ ورانہ قابلیت ، دیانت اور قانونی آگاہی کے باعث قدر کی نگاہ سے دیکھے جاتے ہیں، یعقوب ستار

بدھ 11 مارچ 2015 17:38

اسلام آباد ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔11مارچ۔2015ء) انسٹیٹیوٹ آف چارٹرڈ اکاؤنٹنٹس آف پاکستان ( آئی سی اے پی ) کے تحت چیف فنانشل آفیسرز کانفرنس منگل 17 مارچ کو کراچی اور جمعرات 19مارچ کو اسلام آباد میں منعقد ہوگی۔ کانفرنس کا مقصد پاکستان کے سرفہرست اداروں کے مالیاتی اور کاروباری ماہرین کے ساتھ معلومات کے تبادلے اور مشاورت کے ذریعے ملکی ترقی کی راہ ہموار کرنا ہے۔

انسٹی ٹیوٹ کی پروفیشنل اکاؤنٹنٹس ان بزنس کمیٹی کے چیئرمین اور کے الیکٹرک کے چیف انٹرنل آڈیٹر خلیل اللہ شیخ کے مطابق چھ برس قبل آئی سی اے پی کی اس کمیٹی نے کانفرنسوں کے اس سلسلے کا آغاز کیا، جس کے ذریعے مختلف صنعتی شعبوں میں موجود آئی سی اے پی کے اراکین اور کاروباری ماہرین کے درمیان مختلف صنعتی مسائل پر تبادلہ خیال کروانے اور مالیاتی ترقی کیلئے حکمت عملی کی تجدید کا سلسلہ شروع کیا گیا۔

(جاری ہے)

اعلیٰ کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے پیشہ ور افراد کو ان اجلاسوں کے دوران اعزازات بھی پیش کئے جاتے ہیں۔ سی ایف او کانفرنس اور پروفیشنل ایکسیلنس ایوارڈز کی تقریبات اب آئی سی اے پی کی سالانہ سرگرمیوں میں نمایاں اہمیت کی حامل ہیں۔ آئی سی اے پی کی اس چیف فنانشل آفیسرز کانفرنس 2015 کا مرکزی مضمون Sustaining Excellence - Shifting Gears انہی عوامل پر مبنی ہے۔

اس سال کی کانفرنسس کو کامیاب بنانے اور بڑی تعداد میں شرکاء کو مدعو کرنے کیلئے سوشل میڈیا ، مثلاً فیس بک اور ٹوئیٹر کے ذریعے تشہیری مہم ، ویب سائٹ اور موبائل ایپلی کیشن بھی تخلیق کی گئی ہے۔ کانفرنس کو انٹر نیٹ پر براہ راست نشر کرنے کا انتظام بھی کیا گیا ہے، تاکہ آئی سی اے پی کے اراکین اور بیرون ملک مقیم افراد بھی اجلاس سے فائدہ حاصل کر سکیں۔

آئی سی اے پی کے صدر یعقوب ستار کے مطابق ہر سال ہم اپنے پیشہ ور ساتھیوں کیلئے یہ اہم اجلاس منعقد کرتے ہیں تاکہ وہ کاروبار میں ترقی کے نئے سنگ میل حاصل کر سکیں۔ ہم ان ارکان کی کامیابیوں پر انہیں اعزازات بھی پیش کرتے ہیں، تاکہ وہ مستقبل میں مزید محنت اور بہتر کاروباری نتائج کا مظاہرہ کریں اور پاکستان کی مجموعی پیداواری صلاحیتوں میں اضافہ کرتے رہیں۔ اس طرح کاروباری اداروں کے سربراہان سمیت آئی سی اے پی کے اراکین کو بھی ملک کی صنعتی ترقی کے عمل کو بہتر بنانے کا موقع ملتا ہے ۔

متعلقہ عنوان :