ایس پی ٹریفک شیخوپورہ رینج کا قصور کا دورہ ‘اپنا روز گار سکیم کے تحت کامیاب ہونیوالے امیدواروں کے تربیتی کورس کا جائزہ لیا

بدھ 11 مارچ 2015 17:27

قصور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔11مارچ۔2015ء)ایس پی ٹریفک شیخوپورہ رینج محمد اظہر گجر نے گزشتہ روز قصور کا اچانک دورہ ، پولیس لائن میں وزیر اعلیٰ پنجاب ”اپنا روز گار سکیم “کے تحت کامیاب ہونیوالے امیدواروں کے تربیتی کورس کا جائزہ لیااور ٹریفک ملازمین کو خصوصی ہدایات دیں ۔اس موقع پر انکے ہمراہ قائمقام ڈی ایس پی ٹریفک حاجی محمد رفیق ، انچارج ڈرائیونگ لائسنس برانچ محمد اقبال اور دیگر ملازمین بھی موجود تھے ۔

ایس پی ٹریفک شیخوپورہ رینج محمد اظہرگجر نے تربیتی کورس سے خطاب کرتے ہوئے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ تمام امیدواران کی علمی و عملی تربیت میں کسی قسم کی کوتاہی نہ برتی جائے حاضری کو یقینی بنانا اور تربیتی ٹیسٹ کو شفاف رکھنا اولین ترجیح ہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ وزیر اعلی پنجاب کی طرف سے شفاف قرعہ اندازی کے ذریعے شہریوں کو گاڑیوں کی فراہمی احسن اقدام ہے اس سے بے روز گاری میں نمایاں کمی آئے گی اور نوجوان نسل باعزت طریقے سے اپنے خاندانوں کی کفالت کرنے میں اہم کردار ادا کر سکے گی ۔

انہوں نے تمام امیدواروں کو ہدایت کی کہ وہ ٹریفک قوانین پر عمل پیرا ہو کر اچھا شہری ہونے کا ثبوت دیں ۔اس موقع پر انہوں نے امیدواروں سے ٹریفک آگاہی کے حوالے سے سوالات بھی پوچھے اور اطمینان کا اظہار کیا ۔ ایس پی ٹریفک محمد اظہر گجر نے ٹریفک ملازمین کا دربار بھی لگایا اور انہیں خصوصی ہدایات دیں اور انکے مسائل بھی دریافت کئے ۔ انہوں نے تمام ملازمین کو ہدایت کی کہ وہ عوام الناس کے ساتھ خوش سلوبی سے پیش آئیں اپنی ڈیوٹی ایمانداری سے ادا کریں بدتمیزی اور بد اخلاقی پر سخت ایکشن لیا جائیگا۔

بعد ازاں ایس پی ٹریفک نے نئی ڈرائیونگ لائسنس برانچ کی بلڈنگ کا معائنہ بھی کیا اور برانچ انچارج کو ہدایت کی کہ یہاں پرکسی قسم کی بدعنوانی اور کرپشن ناقابل برداشت ہو گی ۔ ڈرائیونگ لائسنس کے حصول کیلئے عوام کو زیادہ سے زیادہ سہولیات دی جائیں ۔