دشمن ہماری صفوں میں پھوٹ ڈال کر ہمیں قومیت اور لسانیت کی بنیاد پر تقسیم کرنا چاہتا ہے‘مولانا ابو الہاشم

بدھ 11 مارچ 2015 16:55

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔11مارچ۔2015ء) امیر جماعة الدعوة لاہور مولانا ابو الہاشم نے کہا ہے کہ دوقومی نظریہ کی بنیاد پر حاصل کئے گئے پاکستان کی بنیادوں میں لاکھوں مسلمانوں کا لہو شامل ہے، دشمن ہماری صفوں میں پھوٹ ڈال کر ہمیں قومیت اور لسانیت کی بنیاد پر تقسیم کرنا چاہتا ہے ،آج مغرب اسلام کی بڑھتی مقبولیت سے سخت خوف زدہ ہے اور وہ بار بار توہین رسالت ﷺ اور توہین قرآن جیسی قبیح حرکتوں کوبار بار دہرا رہاہے ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے مرکز القادسیہ چوبرجی میں ہونے والے مقامی ذمہ داران کے ایک اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ اس موقع پر مولانا ادریس فاروقی ، حافظ احسان الٰہی ، قاری ثناء اللہ فاروقی، اسلم خان اور دیگر بھی شریک تھے ۔ انہوں نے کہا کہ دشمن پاکستان کی نظریاتی جڑوں کو کھوکھلا کرنے پر تلا ہواہے ۔

(جاری ہے)

بھارت ہمارا خیرخواہ نہیں ہوسکتا، وہ ہمیشہ پاکستان کو نقصانات سے دوچار کرنے کے منصوبے ترتیب دیتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ جو لوگ بھارتی سیکرٹری خارجہ کے دورہ پاکستان کو دونوں ملکوں کے درمیان معطل مذاکراتی عمل پر پڑی برف پگھلنے کے مترادف سمجھتے ہیں انہیں ماضی کے مذاکرات کا حشر یاد ہونا چاہیے جو دھوکہ بازی اور وقت کے ضائع کے سواء کچھ نہیں تھے ۔ بھارت نے ہمیشہ مذاکرات کی آڑ میں مسئلہ کشمیر کو مزید اُلجھایا ہی ہے ۔ جموں کشمیر میں مفتی مودی بھائی بھائی کے نعرے بی جے پی کی طرف سے دھوکہ بازی ہے اور اس کے ذریعے سے کشمیریوں کی جاری آزادی کی جدوجہد کو دبایا نہیں جاسکتا۔

انہوں نے کہا کہ آج کچھ عناصر تعلیم کا نام لے کر نظریہ پاکستان کا نعرہ تبدیل کرنے کی کوشش کر رہے ہیں ۔ نوجوان نسل کو نظریہ پاکستان کی اہمیت سے آگاہ کرنا بہت ضروری ہے۔ہمیں دشمنوں کی سازشوں کو سمجھنا ہوگا اور متحد ہو اسلام وپاکستان کی حفاظت کرنا ہوگی ۔ اسی طرح ہم وطن عزیز کے مسائل کو حل کرنے میں کامیاب ہو سکیں گے ۔