Live Updates

شہر کی دہشت ناک صورتحال کا ذمہ دار کون ہے ؟، پاکستان تحریک انصاف صورتحال کی شدید مذمت کرتی ہے ، علی زیدی

بدھ 11 مارچ 2015 16:47

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔11مارچ۔2015ء) پاکستان تحریک انصاف کراچی ریجن کے صدر علی زیدی نے آج صبح ہونے والی رینجرز کی نائن زیرو پر چھاپے کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ رینجرز کی طرف سے ایم کیو ایم پر لگائے گئے الزامات بہت سنگین ہیں اس صورتحال پر میرے ایم کیو ایم سے کچھ سوالات ہیں ۔ آخر مطلوب مجرم اور ٹارگٹ کلرز نائن زیرو پر کیوں پائے گئے ؟فیصل محمود عرف موٹا جو ولی بابر قتل کیس میں مطلوب تھا نائن زیرو پر کیوں پایا گیا ؟ عامر خان ان کو تحفظ کیوں دے رہا تھا ؟ اور انتہائی اہم بات کس طرح نیٹو کنٹینر سے چرایا گیا اسلحہ نائن زیرو پر پایا گیا ؟ ۔

جس کا ذوالفقار مرزا بھی کچھ عرصہ پہلے ذکر کرچکے تھے ۔ علی زیدی نے مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ جو بھی ٹارگٹ کلرز کراچی میں مطلوب اور گرفتار کیے گئے چاہے ان کا کسی بھی سیاسی جماعت سے تعلق ہو ان کو فوجی عدالتوں میں پیش کیا جائے ۔

(جاری ہے)

علی زید ی نے مزید سوال کیا کہ آخر ہر دوسرا مجرم ایم کیو ایم میں متحرک کیوں پایا جاتا ہے ، کراچی میں ہونے والی کسی بھی سیاسی ورکر ز ، صحافی ، پولیس کے قتل کا الزام ایم کیوایم پر ہی کیوں آتا ہے ؟ ۔

پاکستان تحریک انصاف کراچی غیر مسلح سیاسی ورکر کے قتل کی شدید مذمت کرتی ہے ، کراچی پاکستان کا دل و دماغ ہے ، رینجرز کے نائن زیرو پر چھاپے کے بعد جس طرح سے کراچی شہر کو منجمد کیا گیا معصوم بچے اسکولوں میں محصور ہوگئے ، لوگ دفاتر پہنچنے سے قاصر رہے ، شہر کی ان دہشت ناک صورتحال کا ذمہ دار کون ہے ؟ پاکستان تحریک انصاف اس صورتحال کی شدید مذمت کرتی ہے ۔

پاکستان تحریک انصاف کراچی ریجن کے صدر علی زیدی نے پر امید عزم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ تحریک انصاف کراچی کی عوام کو ایکبار پھر پرُامن کراچی کی فضاء اور خوشحالی کی روشنی جلد لوٹائے گی ، ہم گولی اور گالی کی کلچر کو دفن کرینگے ، پاکستان کی ترقی کے لیے کراچی کا امن ایک اہم جز ہے جس کا بحال ہونا بہت ضروری ہے کیونکہ کراچی پاکستان کی معاشی شہ رگ ہے ۔

Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات