کسی سینیٹر کا بلا مقابلہ چیئرمین منتخب ہونا بڑا اعزاز ہے، تمام جماعتوں کے اعتماد پر پورا اترنے کی کوشش کرونگا، رضا ربانی

بدھ 11 مارچ 2015 14:18

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔11مارچ۔2015ء)پیپلز پارٹی کے رہنماء اور چیئرمین سینیٹ کیلئے تمام جماعتوں کے متفقہ امیدوار سینیٹر رضا ربانی نے حکومتی حمایت ملنے پر تمام جماعتوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا ہے کہ تمام جماعتوں کے اعتماد پر پورا اترنے کی کوشش کرونگا، کسی سینیٹر کا بلا مقابلہ چیئرمین منتخب ہونا بہت بڑا اعزاز ہے۔

(جاری ہے)

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پیپلز پارٹی کے رہنماء سینیٹر رضا ربانی نے کہا کہ حلف اٹھانے کے بعد کوشش ہوگی کہ جمہوری اداروں کو مضبوط ، سینیٹ کی بالادستی برقرار اور خود مختاری کی حفاظت کروں، انہوں نے کہا کہ مجھ پر کوئی دباؤ نہیں ہے، جب انسان کرسی پر بیٹھتا ہے تو اس کو سب کیساتھ قانون اور سینیٹ کے قواعد کے مطابق معاملہ کرنا ہوتاہے، انہوں نے کہا کہ کوشش ہوگی سب کو ایک نظرسے دیکھوں اورایک ہی نظرسے رولزکا اطلاق کروں۔

انہوں نے کہا کہ کسی سینیٹر کا بلا مقابلہ چیئرمین منتخب ہونا بڑا اعزاز ہے، انہوں نے کہا کہ تمام جماعتوں کا شکر گزار ہوں جنہوں نے مجھ پر اعتماد کیا۔ ایک سوال کے جواب پر انہوں نے کہا کہ پارلیمنٹ کا کام قانون سازی ہے ،پارلیمنٹ کوہمیں فعال بنانا ہے۔ڈپٹی چیئرمین بلوچستان سے ہونا چاہئے اوراس میں تمام سیاسی جماعتوں کااتفاق رائے ہے۔