پاکستانی سماجی کارکن کے لیے دولت مشترکہ کا یوتھ ایوارڈ

بدھ 11 مارچ 2015 13:25

لندن (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔11مارچ۔2015ء) پاکستان کے صوبہ خیبر پختونخوا میں نوجوانوں خصوصاً لڑکیوں کے حقوق کے لیے کام کرنے والی 28 سالہ گلالئی اسماعیل کو دولت مشترکہ کے یوتھ ایوارڈ سے نوازا گیا ہے۔اس ایوارڈ کے لیے براعظم ایشیا سے بھارت سے دو اور سنگاپور اور پاکستان سے ایک ایک نوجوان شخصیت کو نامزد کیا گیا تھا جن میں سے گلالئی ہی اس ایوارڈ کی حقدار قرار پائیں۔

ایوارڈ کی تقریب لندن میں منعقد ہوئی جس کے بعد بی بی سی سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے گلائی اسماعیل نے بتایا کہ وہ گذشتہ 12 سال سے پاکستان میں نوجوانوں کے حقوق کے لیے کام کر رہی ہیں۔گلالئی اسماعیل نے 16 سال کی عمر میں ’اویئر گرلز‘ نامی غیر سرکاری تنظیم کی بنیاد رکھی تاکہ نوجوان لڑکیوں کو اْن کے حقوق کے بارے میں آگاہی فراہم کی جا سکے۔

(جاری ہے)

2013 میں پاکستان میں انتخابات کے دوران انھوں نے ایک سو خواتین پر ایک ٹیم تشکیل دی جس نے گھریلو تشدد اور کم عمری کی شادیوں جیسے معاملات پر کام کیا۔گلالئی نے بتایا کہ ان کا تعلق جس علاقے سے ہے ’وہاں لڑکیوں کے حقوق یا پھر انتہا پسندی کے خاتمے کے لیے آواز بلند کرنا خاصا مشکل ہے۔‘ان کا کہنا تھا کہ ’اگر آپ آواز اْٹھاتے ہیں تو اکثر آپ کو بہت سارے خطرات سے دو چار ہونا پڑتا ہے۔

تو اِسی وجہ سے اْنھیں لگا کہ میں نے کوئی نمایاں کام کیا ہے۔اْنھوں نے کہا کہ 12 سال قبل جب انھوں نے لڑکیوں کے حقوق کے لیے کام شروع کیا تو اْس وقت ماحول خاصا دوستانہ تھا اور اِتنی مشکلات اور خطرات نہیں تھے جتنے آج درپیش ہیں۔گلالئی اسماعیل کا کہنا تھا کہ انھیں روزمرہ زندگی کے ساتھ ساتھ سوشل میڈیا پر بھی مخالفت کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔

’سوشل میڈیا پر بھی ہم اکثر دیکھتے ہیں چند نوجوان پْرتشدد اور نفرت آمیز باتیں کرتے ہیں صرف اِس وجہ سے کہ جو کام ہم لڑکیوں کے لیے یا انتہا پسندی کے خلاف کر رہے ہیں۔ تو اختلافات کا سامنا ہمیں سوشل میڈیا اور حقیقی زندگی میں بھی کرنا پڑتا ہے۔سنہ 2014 میں انٹرنیشنل ہیومنسٹ ایوارڈ حاصل کرنے والی اور فارن پالیسی میگزین کی 2013 کی گلوبل تھنکرز میں سے ایک گلالئی اسماعیل نے اِس بات پر خوشی کا اظہار کیا کہ صرف موجودہ حالات کا مقابلہ وہ تنہا نہیں کر رہیں بلکہ کئی نوجوان لڑکیاں اور لڑکے اِس کام اْن کا ساتھ دے رہے ہیں