ایم کیو ایم رابطہ کمیٹی کی وزیراعظم سے نائن زیرو پر چھاپے، گرفتاریوں کا نوٹس لینے کی اپیل

بدھ 11 مارچ 2015 12:13

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔11مارچ۔2015ء) ایم کیو ایم رابطہ کمیٹی نے وزیراعظم محمد نواز شریف سے قائد تحریک کے گھر نائن زیرو پر چھاپے، گرفتاریوں اور مظالم کا فی الفور نوٹس لینے کی اپیل کی ہے ۔حیدرعباس رضوی نے کہا ہے کہ حراست میں لئے گئے کارکنان سے ہمارا رابطہ نہیں ہورہا جبکہ فاروق ستار نے نائن زیرو پر کارروائی انتہائی تشویش ناک قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ کسی سیاسی جماعت کے دفتر پر کارروائی نامناسب ہے۔

نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے ایم کیو ایم کے رہنماء واسع جلیل نے کہا کہ رینجرز نے نائن زیرو پر چھاپہ مارا اور درجنوں کارکنوں کی آنکھوں پر پٹی باندھ کر انہیں زمین پر بٹھایا گیا، رابطہ کمیٹی کے ارکان کو بھی حراست میں لینے کی اطلاعات ہیں تاہم کسی گرفتاری کی تصدیق نہیں کرسکتا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ خورشید بیگم میموریل سیکرٹریٹ پر بھی رینجرز کے درجنوں اہلکار تعینات ہیں۔

انہوں نے کہا کہ کہ ایم کیو ایم کی قیادت اب تک یہ سمجھنے سے قاصر ہے کہ رینجرز کی جانب سے یہ چھاپہ کیوں مارا جارہا ہے کیونکہ ایسی کوئی صورتحال نہیں تھی اور متحدہ قومی مومنٹ کی تمام سرگرمیاں معمول کے مطابق جاری تھیں۔ انہوں نے کہا کہ کراچی میں آپریشن کا مطالبہ تو سب سے پہلے تو ایم کیو ایم کی جانب سے ہی کیا گیا تھا لیکن اگر ہمارے کارکنوں کو ہی غلط مقدمات میں گرفتار کیا جائے گا تو احتجاج ہمارا قانونی حق ہے۔