نائن زیرو اور اطراف چھاپے اور کارکنوں کی گرفتاریاں قابل مذمت ہیں، عوام اپنے جذبات قابومیں رکھیں اور پرامن رہیں

متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین کی مذمت

بدھ 11 مارچ 2015 11:54

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔11مارچ۔2015ء ) متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین نے کہا ہے کہ نائن زیرو اوراس کے اطراف چھاپے اور بے گناہ کارکنوں کی گرفتاریاں قابل مذمت ہیں، عوام سے اپیل ہے کہ وہ اپنے جذبات قابومیں رکھیں اور پرامن رہیں۔ ایم کیو ایم کی جانب جاری اعلامیے کے مطابق رینجرز نے نائن زیرو کے قریب رہائش پذیر متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین کی ہمشیرہ سائرہ بیگم کے گھر پر بھی چھاپہ مارا اور تلاشی کے نام پر توڑپھوڑ کی۔

(جاری ہے)

سائرہ اسلم کئی امراض میں مبتلا اور نائن زیرو کے قریب ایک مکان میں بیوگی کی زندگی گزار رہی ہیں۔ الطاف حسین نے نائن زیرو اوراس کے اطراف میں گھروں پر چھاپوں، تلاشی اوربے گناہ کارکنوں و ذمہ داروں کی گرفتاریوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے اسے سراسرظلم قرار دیا ہے۔ جہاں تک رینجرز کے الزامات کا تعلق ہے تو اس کے بارے میں تمام تر تفصیلات سے جلد ہی آگاہ کیا جائے گا۔ الطاف حسین نے عوام سے اپیل کی کہ وہ اپنے جذبات قابو میں رکھیں اور پرامن رہیں۔