انسانی حقوق وسیع موضوع ہے،اعلی عدلیہ کے پاس بنیادی حقوق کے دفاع کاطریقہ کار موجود ہیں،جسٹس مظہرعالم میاں خیل،

بنیادی انسانی حقوق کے نفاذ میں ضلعی عدلیہ کا کردار بھی بہت اہمیت کا حامل ہے ،چیف جسٹس پشاورہائی کورٹ

منگل 10 مارچ 2015 23:23

پشاور(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار .10 مارچ 2015ء) چیف جسٹس پشاور ہائی کورٹ جسٹس مظہر عالم میاں خیل نے کہا ہے کہ انسانی حقوق ایک وسیع موضوع ہے،اعلی عدلیہ کے پاس بنیادی حقوق کی دفاع کاطریقہ کار موجود ہیں، تاہم بنیادی انسانی حقوق کے نفاذ میں ضلعی عدلیہ کا کردار بھی بہت اہمیت کا حامل ہے ۔خیبر پختونخوا جوڈیشل اکیڈمی پشاور میں منگل کے روز نظام انصاف میں انسانی حقوق کا کردار کے موضوع پر شروع ہونے والے تین روزہ ٹریننگ ورکشاپ کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چیف جسٹس پشاور ہائی کورٹ جسٹس مظہر عالم میاں خیل نے کہا کہ نظام انصاف میں انسانی حقوق کے کردار سے متعلق یہ تربیتی ورکشاپ ایک اچھا تجربہ ہے کہ اس ضمن میں ڈسٹرکٹ جوڈیشری کے افسران کو انسانی حقوق سے متعلق ٹریننگ دی جائے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ اگرچہ بنیادی حقوق کا ذکر آئین میں موجود ہے اور اس کے دفاع کیلئے ایک واضح طریقہ کار بھی موجود ہے تاہم انسانی حقوق ایک وسیع موضوع ہے جن میں بنیادی حقوق کے علاوہ دیگر بہت سارے حقوق شامل ہیں ۔انہوں نے کہا کہ ان انسانی حقوق کے نفاذ کیلئے ضلعی عدالتوں کا کردار بہت اہمیت اختیار کر جاتا ہے ۔اس موقع پر ڈائریکٹر جنرل خیبر پختونخوا جوڈیشل اکیڈمی پشاور حیات علی شاہ نے تربیتی ورکشاپ کے شرکاء کو خوش آمدید کہتے ہوئے تربیتی ورکشاپ کے اغراض و مقاصد بیان کئے ۔

انہوں نے تربیتی ورکشاپ کے لیڈ ٹرینر ایسوسی ایٹ پروفیسریونیورسٹی آف ہل انگلینڈ نیاز علی شاہ کا شکریہ ادا کیا کہ جن کی کاوشوں سے اس تربیتی پروگرام کو عملی جامہ پہنایا گیا ۔ انہوں نے بتایا کہ انسانی حقوق سے متعلق گزشتہ سال پچیس ڈسٹرکٹ جوڈیشری افسران کی ٹی او ٹی مکمل کی گئی تھی اور یہ سلسلہ آئندہ بھی جاری رہے گا۔تربیتی پروگرام میں ڈین فیکلٹی ڈاکٹر خورشید اقبال ، سینئر ڈائریکٹریس ایڈمنسٹریشن صو فیہ وقار خٹک اور ریسرچ ایسوسی ایٹ جوڈیشل اکیڈمی سمیت دیگر افسران نے شرکت کی ۔

متعلقہ عنوان :