وزیراعلیٰ بلوچستان ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ اور صوبائی وزراء اور دیگر اعلیٰ سرکاری آفیسران کی سبی میلے میں شرکت کی

منگل 10 مارچ 2015 23:22

سبی( اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار .10 مارچ 2015ء ) کمشنر سبی ڈویژن غلام علی بلوچ اور ڈپٹی کمشنر سبی سہیل الرحمن بلوچ کی انتھک محنت اور دلچسپی کی بدولت عرصہ دراز کے بعد سبی میلے میں جدت وجوش خروش دیکھنے کو ملا جس کے لئے سبی کے عوام ترس گئے تھے۔ اس مرتبہ اسمبلی اجلاس منعقد ہونے کے باوجود وزیراعلیٰ بلوچستان ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ اور صوبائی وزراء اور دیگر اعلیٰ سرکاری آفیسران کی سبی میلے میں شرکت ضلعی انتظامیہ کی کاوشوں کا ہی نتیجہ ہے۔

صوبائی وزیر ایس اینڈ جی اے ڈی نواب محمد خان شاہوانی نے سبی میلے کا شاندار افتتاح کیا جبکہ صوبائی وزیر بلدیات سردار مصطفی خان ترین نے زرعی وصنعتی نمائش کا افتتاح کیا، علاوہ ازیں صوبائی وزیر امور حیوانات عبیداللہ جان بابت نے آتش بازی کے مظاہرے میں بحیثیت مہمان خصوصی شرکت کی۔

(جاری ہے)

سبی میلے کے پہلے دن وزیراعلیٰ بلوچستان موسم کی خرابی کی وجہ سے نہیں آسکے جبکہ دوسرے دن میلے میں خصوصی شرکت کی اور نہ صرف انہوں نے چاکر اعظم یونیورسٹی کا سنگ بنیاد رکھابلکہ اسٹیڈیم میں سبی میلے کی مناسبت سے منعقدہ تقریب کے مہمان خصوصی بھی رہے ۔

انہوں نے سبی کی ترقی کے لئے 50کروڑ روپے فراہم کرنے کا بھی اعلان کیا۔ علاوہ ازیں صوبائی وزراء عبدالرحیم زیارتوال اور سردار اسلم بزنجو نے صنعتی وزرعی نمائش میں قائم مختلف اسٹالوں کے معائنہ کیا۔