ہمارے تمام مسائل کا حل تعلیم کے فروغ میں ہے،ڈاکٹرامجدعلی،

صوبائی حکومت نئی نسل کو تعلیم سے آراستہ کرنے کیلئے تمام تر وسائل بروئے کار لارہی ہے،مشیروزیراعلی خیبرپختونخوا

منگل 10 مارچ 2015 23:19

پشاور(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار .10 مارچ 2015ء) وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کے معاون خصوصی برائے ہاؤسنگ ڈاکٹر امجد علی نے کہا ہے کہ ہمارے تمام مسائل کا حل تعلیم کے فروغ میں ہے یہی وجہ ہے صوبائی حکومت نئی نسل کو تعلیم سے آراستہ کرنے کیلئے تمام تر وسائل بروئے کار لارہی ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے گورنمنٹ مڈل سکول چونگی شموزئی سوات کو ہائی کا درجہ دینے کی تقریب سے بحیثیت مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا۔

اس موقع پر دوسروں کے علاوہ پی ٹی آئی یونین کونسل شموزئی کے صدر شاہی ملک خان سینئر نائب صدر نیک علی خان اور جنرل سیکرٹری زمین خان میڈیا ایڈوائزر باچہ حسین سمیت محکمہ تعلیم کے متعلقہ افسران بھی موجود تھے۔ڈاکٹر امجد علی نے کہا کہ ایک کروڑ 15لاکھ روپ کی لاگت سے اپ گریڈ ہونے ولے مذکور ہ تعلیمی ادارے سے علاقے کے طلبہ کو ان کی دہلیز پر تعلیمی سہولتیں میسر ہونگیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ یہ ایک دیرینہ عوامی ضرورت تھی جس پرماضی کے حکمرانوں نے توجہ نہیں دی تاہم موجودہ صوبائی حکومت کھوکھلے نعروں کی بجائے عملی اقدامات پر یقین رکھتی ہے اور ہمارے دور کے جاری ترقیاتی کام اس بات کا عملی ثبوت ہیں ۔انہوں نے کہا کہ تعلیم اور فن میں مہارت حاصل کرنے والی قومیں ہی ترقی اور خوشحالی کی منزل حاصل کر سکیں ہیں اور پاکستان تحریک انصاف کی اولین ترجیح بھی تعلیم ہے جس کے لئے موجودہ مالی سال کے بجٹ میں بھاری رقوم مختص کی ہیں علاوہ ازیں اساتذہ کو بہتر مراعات دینے کے ساتھ سکولوں میں بچوں کی تعداد کو بڑھانے سکولوں کو اپگریڈ کرنے اور نئے ادارے قائم کرنے کے لئے خصوصی اقدامات کئے ہیں۔

انہوں نے والدین پر بھی زور دیا کہ وہ اپنے بچوں کو زیور تعیم سے آراستہ کرنے پر پوری توجہ دیں اس سلسلے میں اساتذہ سے روابط میں رہیں تاکہ قوم کے معمار بہتر تربیت حاصل کر سکیں۔ قبل ازیں دیگر مقررین نے خطاب کرتے ہوئے علاقے میں اہم منصوبے شروع کرنے پر صوبائی حکومت اور معاون خصوصی ڈاکٹر امجد علی کا شکریہ ادا کیا۔

متعلقہ عنوان :