حکومت سندھ نے سپریم کورٹ کے 12 جون 2013ء کے فیصلے کی روشنی میں ریٹائرڈ فوجی اور سول افسران کی کنٹریکٹ پر ملازمتیں ختم کردیں،

بعض افسروں کو ان کے اصل محکموں میں واپس بھیج دیا ہے اور کچھ افسروں کی ترقیاں منسوخ کردی ہیں

منگل 10 مارچ 2015 22:47

کراچی (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار .10 مارچ 2015ء) حکومت سندھ نے سپریم کورٹ آف پاکستان کے 12 جون 2013ء کے فیصلے کی روشنی میں ریٹائرڈ فوجی اور سول افسران کی کنٹریکٹ پر ملازمتیں ختم کردی ہیں جبکہ بعض افسروں کو ان کے اصل محکموں میں واپس بھیج دیا ہے اور کچھ افسروں کی ترقیاں منسوخ کردی ہیں۔ جن ریٹائرڈ افسروں کی کنٹریکٹ پر ملازمتیں ختم کی گئی ہیں، ان میں ذوالفقار آباد ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے منیجنگ ڈائریکٹر (ایم ڈی) لیفٹیننٹ جنرل (ر) سید افتخار حسین شاہ اور حکومت سندھ کے اسپیشل انیشیٹو کے ایڈوائزر فضل الرحمن بھی شامل ہیں۔

لیفٹیننٹ جنرل (ر) سید افتخار حسین شاہ گورنر خیبر پختونخوابھی رہے ہیں۔ انہیں سندھ میں نیا شہر ذوالفقار آباد بسانے کے لئے ڈویلپمنٹ اتھارٹی کا ایم ڈی مقرر کیا گیا تھا۔

(جاری ہے)

فضل الرحمن سابق چیف سیکریٹری سندھ بھی ہیں۔ ان کے علاوہ سیکریٹری محکمہ جنگلات وجنگلی حیات اور ماحولیات مسز نائلہ واجد کی خدمات وفاقی حکومت کے حوالے کردی گئی۔ کنسلٹنٹ (جوڈیشل) چیف منسٹر انسپکشن ٹیم سید حسن شاہ بخاری کی کنٹریکٹ پر ملازمت بھی ختم کردی گئی۔

سندھی لینگویج اتھارٹی کی چیئرپرسن ڈاکٹر فہمیدہ کا کنٹریکٹ بھی ختم کردیا گیا ہے۔ ان کے علاوہ کنسلٹنٹ ایس اینڈ جی اے ڈی منور احمد میمن کا کنٹریکٹ بھی منسوخ کردیا گیا ہے۔ سرکل آفیسر اینٹی کرپشن اسٹیبلشمنٹ گھوٹکی سیف اللہ پھلپھوٹو کو محکمہ پولیس میں رپورٹ کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ محکمہ آبپاشی میں تعینات اسسٹنٹ ایگزیکٹو انجینئر زاہد حسین جونیجو کو اپنے اصل ادارے واپڈا کو رپورٹ کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

اسی طرح ایک اور ایگزیکٹو انجینئر سلمان میمن کو بھی واپڈا رپورٹ کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ سندھ ایمپلائز سوشل سیکورٹی انسٹی ٹیوشن (سیسی) کے سوشل سیکورٹی آفیسر مجیب احمد صدیقی کی اپ گریڈیشن کا آرڈر منسوخ کردیا گیا۔ سائٹ لمیٹڈ کے اسٹینو ٹائپسٹ محمد نعیم کی ترقی کا آرڈر بھی منسوخ کردیا گیا ہے۔ واضح رہے کہ سپریم کورٹ نے حکومت سندھ کو ہدایت کی تھی کہ وہ اس فیصلے پر عمل درآمد کرکے بدھ (11مارچ) کو رپورٹ پیش کرے بصورت دیگر وزیراعلیٰ سندھ کو توہین عدالت کا نوٹس دیا جائے گا۔

متعلقہ عنوان :