ذکی الرحمن لکھوی کی نظربندی کیخلاف دائر کی گئی درخواست کی سماعت، وفاق اور دیگر فریقین کو نوٹس جاری ‘ عدالت میں ذکی الرحمن لکھوی کے وکیل نے انسداد دہشت گردی کی عدالت میں پیش کی گئی بھارتی کمیشن کی رپورٹ پر بھی اعتراضات لگادئیے

منگل 10 مارچ 2015 22:29

اسلام آباد(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار .10 مارچ 2015ء) اسلام آباد ہائیکورٹ نے ممبئی حملہ کیس کے مرکزی ملزم ذکی الرحمن لکھوی کی نظربندی کیخلاف دائر کی گئی درخواست پر سماعت کرتے ہوئے وفاق اور دیگر فریقین کو نوٹس جاری کردئیے‘ عدالت میں ذکی الرحمن لکھوی کے وکیل نے انسداد دہشت گردی کی عدالت میں پیش کی گئی بھارتی کمیشن کی رپورٹ پر بھی اعتراضات لگادئیے۔

منگل کے روز جسٹس نورالحق این قریشی اور جسٹس شوکت عزیز پر مشتمل ڈویژن بنچ نے کیس کی سماعت کی۔ درخواست گزار ذکی الرحمن لکھوی کے وکیل راجہ رضوان عباسی جبکہ وفاق کی جانب سے ایڈیشنل اٹارنی جنرل اور ڈپٹی اٹارنی جنرل عدالت میں پیش ہوئے۔ درخواست گزار کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ انسداد دہشت گردی کی عدالت میں حکومت کی جانب سے جو بھارتی کمیشن کی رپورٹ پیش کی گئی ہے اس کو ریکارڈ کا حصہ نہ بنایا جائے کیونکہ اس میں قانونی پیچیدگیاں موجود ہیں۔

(جاری ہے)

درخواست گزار کے وکیل نے عدالت سے استدعاء کی کہ میرے موکل ذکی الرحمن لکھوی کیخلاف جتنی دستاویزات حکومت نے پیش کی ہیں ان پر میرٹ پر دلائل ہونے چاہئیں۔ عدالت نے موقف سننے کے بعد وفاق کو دوبارہ نوٹس جاری کرتے ہوئے جواب طلب کرلیاجبکہ حکومت نے انسداد دہشت گردی کی عدالت میں بھارتی کمیشن کی رپورٹ پیش کی ہے اس میں بھی قانونی پیچیدگیاں موجود ہیں۔

انہوں نے کہا کہ عدالت میرے موکل کے بنیادی حقوق کا خیال رکھتے ہوئے رہائی کے احکامات جاری کرے۔ اس پر عدالت نے وفاق کو دوبارہ نوٹس جاری کرتے ہوئے جواب طلب کرلیا۔ واضح رہے کہ ملزم ذکی الرحمن لکھوی نے انسداد دہشت گردی کی عدالت کے جج اور وفاق کو فریق بنایا ہوا ہے۔ مذکورہ احکامات کے بعد عدالت نے سماعت غیر معینہ مدت کیلئے ملتوی کردی۔

متعلقہ عنوان :