Live Updates

عمران خان کے سچے سپاہی ہیں ،علی امین خان گنڈاپور،

گھروں پر ہینڈ گرنیڈ کے بزدلانہ حملوں سے گھبرانے والے نہیں ، ہر حال میں عوامی خدمت جاری رکھیں گے ،صوبائی وزیر مال

منگل 10 مارچ 2015 19:09

پشاور(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار .10 مارچ 2015ء) خیبر پختونخوا کے وزیر مال علی امین خان گنڈا پور نے کہا ہے کہ ہم عمران خان کے سچے سپاہی ہیں ۔اپنے گھروں پر ہینڈ گرنیڈ کے بزدلانہ حملوں سے گھبرانے والے نہیں اور ہر حال میں عوامی خدمت جاری رکھیں گے ۔ اُنہوں نے آج پشاور میں اپنے دفتر میں میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے آج صبح ڈی آئی خان میں واقع اپنی آبائی رہائش گاہ کی چھت پر نامعلوم دہشت گردوں کی جانب سے پھینکے جانے والے ہینڈ گرنیڈ کے پھٹ جانے کے واقع کے شدید مذمت کرتے ہوئے گہرے دُکھ اور آفسوس کا اظہار کیا کہ عوامی نمائندوں کے گھر والوں کے ساتھ یہ سلوک کیا جارہا ہے حالانکہ ہم لوگ دن رات صوبے اور ملک کی خدمت میں کوشاں ہیں اور اپنی غریب عوام کے حالات بدلنے کے لئے جدوجہد کر رہے ہیں ۔

(جاری ہے)

اُنہوں نے اس موقع پر اپنے گھر میں کسی جانی نقصان کے نہ ہونے پر اللہ تعالیٰ کا شکر ادا کرتے ہوئے اپنے اس عزم کی تجدید کی کہ وہ ایسے بزدلانہ حملوں سے کبھی گھبرانے والے نہیں وہ اور اُن کے بھائی و تمام کارکنان عمران خان کی ویژن ، بصیرت اور ایجنڈے کے مطابق صوبے کی بھرپور خدمت اُسی جوش وجذبے کے ساتھ جاری رکھیں گے جبکہ صوبے و ملک سے دہشت گردی کو جڑ سے اُکھاڑ پھینکنے کے لئے بھی وہ آخری دہشت گرد کے اپنی مادروطن سے خاتمے تک اپنے جدوجہد اور جنگ کو جاری رکھیں گے ۔

اُنہوں نے اس موقع پر میڈیا کو بتایا کہ ہماری اپنی علاقے میں کسی سے کوئی ذاتی دشمنی نہیں اور ہمیں خیبر پختونخوا پولیس پر مکمل بھروسہ ہے کہ وہ غیر جانبدارانہ اور سائنسی بنیادوں پر تفتیش مکمل کرکے اصل مجرموں کو کیفر کردار تک پہنچائیں گے ۔ اُنہوں نے کارکنوں کو بھی یقین دلایا کہ ہمارے حوصلے کبھی پست نہیں ہونگے اور ایسے بزدل دشمنوں کا مردانہ وار مقابلہ ہمیشہ ڈٹ کر کرتے رہیں گے ۔

Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات

متعلقہ عنوان :