انسان کی اولین ضرورت جان ومال اور عزت کی سلامتی ہے‘میاں مقصود احمد ،

حکمران عیاشیوں کیلئے ملکی ادارے بیچنے پر تلے ہوئے ہیں‘امیرجماعت اسلامی لاہور

منگل 10 مارچ 2015 18:41

لاہور (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار .10 مارچ 2015ء ) امیرجماعت اسلامی لاہور میاں مقصود احمد نے کہا ہے کہ انسان کی اولین ضرورت جان و مال اور عزت کی سلامتی ہے بد قسمتی سے موجودہ حکومتیں اسے فراہم کرنے میں بری طرح ناکام ثابت ہوئی ہیں۔ اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ سندھ کے حالات پنجاب سے ، بلوچستان کے سندھ سے ، کے پی کے کے بلوچستان سے اور فاٹا کے کے پی کے سے بدتر ہیں ،گلگت تا گوادر اور خیبر تا کراچی کہیں بھی شہری ، جان ، مال اور عزت کے تحفظ کے لیے ریاست پر اعتماد نہیں کر سکتے ۔

انہوں نے کہا کہ عوام اللہ کے آسرے پر یا پھر اپنے نظام کے ساتھ عدم تحفظ کے شدید احساس کے ساتھ زندگی گزار رہے ہیں ،عدالتی نظام داخلی خرابیوں یا پھر خوف کا شکار ہے ۔انہوں نے کہا کہ حکمران عیاشیوں کے لیے ملکی ادارے بیچنے پر تلے ہوئے ہیں جبکہ ان کے روپے باہر کے بینکوں میں پڑے ہیں اس سے پہلے جن اداروں کی نجکاری کی گئی ہے ان کا حساب کون دے گا ،کیا ان پیسوں سے ملکی قرضے ختم ہوگئے ، یا پھر ان میں اضافہ ہوا بجلی کمپنیوں کی نجکاری سے عوام مذید اندھیروں میں ڈوب جائیگی ۔

(جاری ہے)

انہوں ے کہا کہ ان حالات میں اگر کوئی یہ سمجھتا ہے کہ موجودہ جمہوری نظام کو زیادہ دیر تک برداشت کیا جائے گا تو وہ احمقوں کی جنت میں رہتا ہے اگر تو حالات جوں کے توں رہتے ہیں تو بھی انار کی کی طرف بات بڑھتی ہے اور اگر علاج ایک اور مارشل لا کی صورت میں تلاش کیاجاتا ہے تو بھی تباہی ہے ۔انہوں نے کہاکہ بچاؤ کا واحد راستہ یہ ہے فوری طور پر ایسی آئینی سیاسی ، انتظامی اور عدالتی اصلاحات عمل میں لائی جائیں کہ جن کے نتیجے میں مذکورہ بالا مسائل اور چیلنجز پر قابوں پایا جاسکے اور یہ کام ایک قابل اور دیانتدارقیادت ہی کر سکتی ہے ۔

متعلقہ عنوان :