اے این پی نے صوبے کو اپنے پاوٴں پر کھڑا کرنے میں تاریخی کردار ادا کیا ،امیر حیدر خان ہوتی

منگل 10 مارچ 2015 16:45

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔10مارچ۔2015ء) عوامی نیشنل پارٹی کے صوبائی صدر امیر حیدر خان ہوتی نے کہا ہے کہ اے این پی نے صوبے کو اپنے پاوٴں پر کھڑا کرنے میں تاریخی کردار ادا کیا ہے ، اور مستقبل میں عوام پی ٹی آئی کا صفایا کر دیں گے، ان خیالات کا اظہار انہوں نے باچا خان مرکز پشاور میں مختلف علاقوں سے آنے والے این پی کے وفود سے بات چیت کرتے ہوئے کیا ، اس موقع پر اے این پی کوہاٹ کی ضلعی کابینہ نے ضلعی صدر جاوید خٹک کی قیادت میں امیر حیدر خان ہوتی سے ملاقات کی ، وفد نے تنظیمی امور کے حوالے سے اپنے مسائل سے صوبائی صدر کو آگاہ کیا اور مختلف تجاویز بھی پیش کی گئیں ، امیر حیدر خان ہوتی نے وفد کو ان کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کی یقین دہانی کرائی اور کہا تمام مسائل کے حل کیلئے عنقریب ضلعی کونسل کا اجلاس طلب کیا جائیگا۔

(جاری ہے)

امیر حیدر ہوتی نے ہدایت کی کہ ضلع میں پارٹی کو مزید منظم اور فعال بنانے کیلئے اقدامات کئے جائیں ،ہنگو سے سابق ایم این اے پیر حیدر علی کی قیادت میں آنے والے وفد سے بات چیت کرتے ہوئے امیر حیدر ہوتی نے کہا کہ عوامی نیشنل پارٹی نے اپنے دور حکومت کے پانچ سال کے دوران ہنگو کیلئے انقلابی اقدامات کئے تاہم بدقسمتی سے صوبائی حکومت نے عوامی مفادات کو پس پشت ڈال دیا ہے، ہنگو کے وفد نے امیر حیدر ہوتی کو دورے کی دعوت بھی ، صوبائی صدر نے دعوت قبول کرتے ہوئے کہا کہ وہ عنقریب علاقے کا دورہ کریں گے، انہوں نے کہا کہ عوام کے مسائل میں دن بدن اضافہ ہوتا جا رہا ہے جس کی تمام ذمہ داری تحریک انصاف کی حکومت پر عائد ہوتی ہے ، امیر حیدر ہوتی نے کہا کہ عوام اپنے مینڈیٹ کی توہین کرنے پر پی ٹی آئی کو کبھی معاف نہیں کریں گے اور وہ مستقبل میں ان حکمرانوں کا صوبے سے بوریا بستر گول کر دیں گے۔

امیرحیدرخان ہوتی کاکہنا تھاکہ اپوزیشن میں ہونے کے باوجود عوام کی خدمت کا عمل جاری رکھے ہوئے ہیں ،پی ٹی آئی نے تبدیلی اور نئے پاکستان کے نام پر عوام کو ورغلا یا ہے اورگذشتہ ڈیڑھ سال میں ایک بھی وعدہ پورا نہیں کیا امیرحیدرخان ہوتی نے کہاکہ یہ وقت پختون قوم کے باہمی اتحاداوراتفاق کاہے کیونکہ پوری دنیا میں پختون قوم مسائل اورمصائب کا شکارہے، اے این پی کے صوبائی صدر نے کہاکہ باچاخان نے اس دھرتی اورپختون قوم کو مسائل سے نکالنے کے لئے جس تحریک کا آغازکیا وہ منزل بھی اب دور نہیں ہے، انہوں نے کہاکہ ہماری منزل اقتدار اوراسمبلیوں کی سیٹوں کا حصول نہیں بلکہ اللہ کی رضا کے لئے اللہ کی مخلوق کی خدمت کرنا مقصود ہے۔

عوامی نیشنل پارٹی کے صوبائی سیکرٹری مالیات خوشدل خان ایڈوکیٹ اور سالار اعلیٰ محمد رسول خان بھی اس موقع پر موجود تھے ۔