پاکستانی خواتین حصول علم کیلئے اپنی زندگیاں وقف کردیں،بیگم فرحانہ قمر

منگل 10 مارچ 2015 16:45

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔10مارچ۔2015ء) پاکستان مسلم لیگ(ن)کی رکن قومی اسمبلی و اسلام آباد شعبہ خواتین کی چیف آرگنائزر بیگم فرحانہ قمرنے کہاہے کہ خواتین کو ترقی میں شامل کئے بغیر خوشحالی کے خواب کو حقیقت کا روپ نہیں دیا جاسکتا،روزِاول ہی سے اسلام نے عورت کی مذہبی ،سماجی ،معاشی اور معاشرتی ،قانونی ،آئینی ، سیاسی اور انتظامی کردار کا نہ صرف اعتراف کیا بلکہ اس کے جملہ حقوق کی ضمانت بھی فراہم کی-ان خیالات کااظہار انہوں نے مسلم لیگ(ن) اسلام آباد شعبہ خواتین کی طرف سے خواتین کے عالمی دن کے موقع پر پارٹی آفس اسلام آباد میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا-اجلاس میں بیگم فرحانہ قمر،سعید ہ مشتاق،رفعت عظیم،فرح اکبر،چاند بی بی،نرگس،مسز شکور،نصرت قادر ،فرزانہ ملک،نصرت ناصر،ثمینہ عارف اوردیگر نے شرکت کی -بیگم فرحانہ قمر نے کہاکہ خواتین کی معاشی خودمختاری کے بغیر ترقی ناممکن ہے،حکومت خواتین کی معاشی، خودمختاری کے لئے مختلف عملی اقدامات اٹھا رہی ہے، اسلام نے معاشرے میں عورت کو معتبر مقام دیا ہے جس کاتحفظ کرنا عورت کی بھی ذمہ داری ہے ،خواتین اپنی صلاحیتوں کو بروئے کار لا کر معاشرے میں مثبت تبدیلی لا سکتی ہیں-بیگم فرحانہ قمر نے کہاکہ پاکستان کی تعمیر اور ترقی میں خواتین کے اہم اور کلیدی کردار کو نظر انداز نہیں کیا جا سکتا، خواتین خاندان کی بھی اہم اکائی نہیں بلکہ معاشرے اور ریاست کا بنیادی ستون ہیں، پاکستانی معاشرے کے نامساعد حالات میں ملی، سماجی اور سلامتی کے معاملات میں خواتین کا کردار اور اُن کی خدمات ہمارے لئے باعث فخر ہیں-اجلاس سے مسلم لیگ(ن)اسلام آبادکی نائب صدرسعید ہ مشتاق نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ کوئی ملک خواتین کی عملی شرکت کے بغیر ترقی نہیں کرسکتا،پاکستانی خواتین حصول علم کیلئے اپنی زندگیاں وقف کردیں-اجلاس سے مسلم لیگ(ن) اسلام آباد سٹی نائب صدر چاند بی بی نے کہاکہ تعلیم یافتہ ماں ہی ترقی یافتہ معاشرے کی اساس ثابت ہوتی ہے،عورت کیلئے محض ایک دن کافی نہیں کیونکہ ہر صبح، دن اور رات عورت ہی کی ہوتی ہے جو مختلف روپ میں معاشرے کی بنیادی اکائی ہے اور اس کے بغیر معاشرہ اور خاندان مکمل نہیں ہوسکتا۔