سپریم کورٹ کا اسلام آبادمیں 25جولائی اور پنجاب و سندھ میں 20ستمبر کو بلدیاتی انتخابات کرانے کا حکم

منگل 10 مارچ 2015 14:30

اسلا م آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔10مارچ۔2015ء) سپریم کورٹ نے اسلام آبادمیں 25جولائی اور پنجاب و سندھ میں 20ستمبر کو بلدیاتی انتخابات کرانے کا حکم دیدیااورسماعت غیرمعینہ مدت تک ملتوی کرتے ہوئے الیکشن کمیشن کو ہدایت کی کہ دی گئی تاریخوں پر بلدیاتی انتخابات یقینی بنائے جائیں۔منگل کو جسٹس جواد ایس خواجہ کی سربراہی میں سپریم کورٹ کے تین رکنی بینچ نے بلدیاتی انتخابات سے متعلق کیس کی سماعت کی۔

دوران سماعت الیکشن کمیشن نے اسلام آباد ، پنجاب اور سندھ میں بلدیاتی انتخابات سے متعلق تحریری شیڈول عدالت میں پیش کردیا۔عدالت نے شیڈول کا جائزہ لینے کے بعد حکم دیاکہ اسلا م آباد میں 25جولائی ، پنجاب اور سندھ میں 20ستمبرکو بلدیاتی انتخابات کرائے جائیں۔ خٰیبرپختونخواہ میں پرانے شیڈول کے مطابق 30مئی اور کنٹونمنٹ بورڈز میں 25اپریل کو انعقاد یقینی بنائیں۔

(جاری ہے)

دوران سماعت ایڈووکیٹ جنرل پنجاب نوید رسول نے کہاکہ ستمبرمیں گذشتہ سال پنجاب میں سیلاب آچکے ہیں جس پر جسٹس جواد ایس خواجہ نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ آپ کہناچاہتے ہیں کہ اس عرصے میں سیلاب آتے ہیں ، الیکشن نہ کرائے جائیں ؟ عوام اور آئین کے ساتھ مذا ق نہ کیاجائے ، الیکشن کمیشن بااختیارادارہ ہے۔عدالت نے بلدیاتی انتخابات شیڈول کے مطابق کرانے کا حکم دیتے ہوئے سماعت غیرمعینہ مدت کیلئے ملتوی کردی اور شیڈول فراہم کرنے کیلئے دائردرخواستیں خارج کردیں۔